عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/بی جے پی جموں وکشمیر یونٹ کے ترجمان الطاف ٹھاکر نے گاندھی جینتی اور سابق وزیراعظم لال بہادر شاستری کی جنم جینتی پر دونوں عظیم رہنمائوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ مہاتما گاندھی کے سچائی، سادگی اور عدم تشدد کے فلسفے نے ملک کی آزادی کی تحریک کو نئی جہت دی اور ہندوستان کی اخلاقی طاقت کی بنیاد رکھی۔ان کا کہنا تھاگاندھی جی کی زندگی اور ان کے اصول آج بھی دنیا بھر کے لئے باعث تحریک ہیں اور ان کا امن و ہم آہنگی کا پیغام آج کے دور میں پہلے سے کہیں زیادہ اہم ہے۔
لال بہادر شاستری کو یاد کرتے ہوئے ٹھاکر نے کہا کہ سابق وزیر اعظم کا نعرہ ’’جے جوان، جے کسان‘‘آج بھی قوم کے لئے مشعل راہ ہے۔انہوں نے کہاشاستری جی نے ایمانداری، انکساری اور کسانوں اور فوجی جوانوں کی فلاح کے لئے غیر متزلزل عزم کی مثال قائم کی۔
ان کا کہنا تھا کہ گاندھی جی اور شاستری جی کو یہی بہترین خراج عقیدت ہوسکتا ہے کہ ہم ان کے اصولوں پر عمل پیرا ہوکر غریبوں اور پسماندہ طبقوں کی بہتری کے لئے کام کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا فرض ہے کہ ہم ایک خود کفیل، پر امن اور ترقی یافتہ ہندوستان کے ان کے خواب کو حقیقت میں تبدیل کریں۔
گاندھی جی اور شاستری جی کے نظریات قوم کی رہنمائی کے چراغ: الطاف ٹھاکر
