عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/لیہہ کی ایک عدالت نے حالیہ پر تشدد مظاہروں کے سلسلے میں گرفتار کئے گئے 26 افراد جن میں 2 بہار کے مزدور بھی تھے، کو عبوری ضمانت دے دی ہے۔اطلاعات کے مطابق لیہہ میں ریاستی درجے اور چھٹے شیڈول میں شامل کرنے کے مطالبوں کو لے کر ہونے والے حالیہ پر تشدد مظاہروں کے بعد تقریباً 50 افراد کو گرفتار کیا گیا تھا۔ ان پر تشدد مظاہروں کے دوران 4 افراد کی موت جبکہ درجنوں زخمی ہوئے تھے۔
اس واقعے کے بعد ضلع میں کرفیو نافذ کر دیا گیا تھا اور بعد میں سماجی کارکن سونم وانگچک کو گرفتار کیا گیا تھا۔لیہہ کی ایک عدالت نے گذشتہ روز 26 افراد کو عبوری ضمانت دے دی۔بار ایسوسیشین لیہہ کے صدر محمد شفیع لاسو نے بتایا کہ عدلت نے 26 افراد کو عبوری ضمانت دے دی۔
انہوں نے بتایاہم نے 40 افراد کے لئے ضمانت کی درخواستیں دائر کی تھیں، جنہیں حراست میں لیا گیا تھا، ان میں سے 26 افراد کو عبوری ضمانت دی گئی ہے اور توقع ہے کہ انہیں آج رہا کیا جائے گا کیونکہ عدالت کا حکم گذشتہ دیر شام جاری کیا گیا تھا۔ان کا کہنا ہے کہ عدالت نے ان افراد کو 4 اکتوبر کو دوبارہ عدالت میں پیش ہونے کی ہدایت دی ہے۔
ادھر ضلع لیہہ میں معمولات زندگی بتدریج بحال ہو رہے ہیں اور گذشتہ روز کرفیو میں 8 گھنٹوں کی نرمی دی گئی تھی جس دوران حالات پر امن رہے۔یہ عبوری ضمانت ایسے وقت دی گئی ہے جب لیہہ ایپکس باڈی (ایل اے بی) اور کرگل ڈیموکریٹک الائنس (کے ڈی اے) جو گذشتہ چار برسوں سے اس تحریک کی قیادت کر رہے ہیں، نے وزارت داخلہ سے اس وقت تک بات چیت میں حصہ لینے سے انکار کیا ہے جب تک لداخ میں معمولات زندگی بحال نہیں ہوجاتے اور زیر حراست افراد کو رہا نہیں کیا جاتا۔
لیہہ میں حالیہ پر تشدد مظاہروں کے سلسلے میں گرفتار 26 افراد کو عدالت نے ضمانت دی
