عشرت حسین بٹ
منڈی// خطے میں صحت کی سہولتوں کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی سمت ایک اہم پیش رفت کے طور پر سب ڈسٹرکٹ ہسپتال (ایس ڈی ایچ) منڈی میں نئی کلر ڈوپلر ہائی ٹیک الٹراساؤنڈ مشین کا افتتاح ایم ایل اے پونچھ اعجاز احمد جان نے کیا۔ اس موقع پر ڈی ڈی سی ممبر منڈی عتیقہ جان، چیف میڈیکل آفیسر پونچھ ڈاکٹر پرویز احمد خان، بی ایم او منڈی ڈاکٹر ریاض جان اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔42.99لاکھ کی لاگت سے نصب کی گئی یہ جدید مشین تحصیل منڈی کے ایک لاکھ سے زائد نفوس پر مشتمل آبادی کے لئے کسی تحفے سے کم نہیں۔ اس سہولت سے مریضوں کو بروقت اور درست تشخیصی خدمات ان کی دہلیز پر دستیاب ہوں گی اور انہیں اب خصوصی ٹیسٹوں کے لیے طویل سفر طے کرنے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے اعجاز احمد جان نے کہا کہ عوام کو صحت کی معیاری سہولتیں فراہم کرنا، خصوصاً دور دراز اور سرحدی علاقوں میں، ہمیشہ ان کی اولین ترجیح رہی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس جدید مشین سے ہزاروں مریض مستفید ہوں گے، بالخصوص خواتین، بچے اور وہ افراد جنہیں خصوصی تحقیقات کی ضرورت رہتی ہے۔ایم ایل اے نے اس موقع پر ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز ڈاکٹر زرگر، سی ایم او پونچھ ڈاکٹر پرویز احمد خان اور بی ایم او منڈی ڈاکٹر ریاض جان سمیت محکمہ صحت کے تمام عملے کی محنت کو سراہا اور کہا کہ ضلع میں صحت کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے کے لئے ان کی انتھک کوششیں قابلِ تحسین ہیں۔تقریب میں ڈاکٹر ظہور، باغ حسین راٹھور، خواجہ عبدالرزاق، عبدالاحد بھٹ، صدر دین چک، مبشر بانڈے، اسلم ملک، منظور سرپنچ، کفایت حسین، عبدالغنی (ریٹائرڈ اے ایس آئی)، پرویندر سنگھ، کلجیت سنگھ، مختار راٹھور، اخلاق محمود، خواجہ عاقب، وسیم شیخ، غلام رسول تریچل، غلام قادر لون، محمد اکرم خان، محمد دین راجوپورہ، منظور چودھری، اعجاز لون، شعائر نذیر، روشن ملک، شیخ وسیم اور دیگر معزز شہری بھی شریک ہوئے اور اس اقدام کو عوامی مفاد میں اہم سنگ میل قرار دیا۔