عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//گورنمنٹ میڈیکل کالج (جی ایم سی) راجوری کی فائنل ایئر ایم بی بی ایس طالبہ آندیہ ہانڈا نے اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جموں یونیورسٹی کی جانب سے منعقدہ انٹر کالج یوگا مقابلے میں تیسری پوزیشن حاصل کی اور کانسی کا تمغہ اپنے نام کیا۔ ان کی یہ کامیابی نہ صرف ادارے کے لئے باعثِ فخر ہے بلکہ اس بات کی غمازی بھی کرتی ہے کہ جی ایم سی راجوری تعلیمی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ کھیلوں اور ہم نصابی شعبوں میں بھی اپنے طلباء کی رہنمائی پر خصوصی توجہ دیتا ہے۔اس موقع پر جی ایم سی راجوری کے پرنسپل پروفیسر اے ایس بھاٹیہ اور چیئرمین اسپورٹس کمیٹی پروفیسر (ڈاکٹر) جمیل الحسین نے آندیہ ہانڈا کی اس کامیابی کو ادارے کے لئے ایک سنگ میل قرار دیا اور کہا کہ کالج اپنے طلباء کو ہمہ جہتی ترقی کے مواقع فراہم کرنے کے لئے پرعزم ہے۔مقابلے کے دوران جی ایم سی کے اسپورٹس اسسٹنٹ جگتار سنگھ بھی آندیہ ہانڈا کے ہمراہ رہے اور ان کی رہنمائی و حوصلہ افزائی میں اہم کردار ادا کیا۔ ان کی مسلسل محنت اور لگن نے طالبہ کی شرکت کو کامیاب بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔جی ایم سی راجوری کی انتظامیہ نے کہا کہ ادارہ مستقبل میں بھی اپنے طلبہ کو کھیلوں اور ثقافتی سرگرمیوں میں آگے بڑھنے کے لئے ہر ممکن سہولیات فراہم کرتا رہے گا تاکہ وہ قومی اور بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا سکیں۔