عظمیٰ نیوز سروس
راجوری // منجا کوٹ سے بھاٹہ دھوڑیاں تک جموں پونچھ شاہراہ کا ایک حصہ آہستہ آہستہ خستہ حالی کا شکار ہوتا جا رہا ہے، جس کی وجہ سے عام لوگ، ڈرائیور اور مسافر شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ مقامی باشندوں کا کہنا ہے کہ متعلقہ حکام کی جانب سے شاہراہ پر پڑے ہوئے کھڈوں کو بھرنے اور سڑک کی دیکھ بھال کے لئے کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا جا رہا، جس کے نتیجے میں تقریباً 10 سے 15 کلو میٹر تک پھیلے ہوئے اس حصے پر آمد و رفت متاثر ہو رہی ہے۔شہریوں نے بتایا کہ بارشوں اور موسمی حالات کی وجہ سے سڑک کی حالت مزید خراب ہوتی جا رہی ہے، جس سے نہ صرف گاڑیوں کے پرزے متاثر ہو رہے ہیں بلکہ حادثات کا خطرہ بھی بڑھ گیا ہے۔ اکثر ڈرائیور اور مسافر اپنی جان و مال کے تحفظ کے لئے انتہائی احتیاط سے سفر کرنے پر مجبور ہیں۔واضح رہے کہ جموں پونچھ شاہراہ کی موجودہ تعمیر نو اور کشادگی کے دوران شاہراہ کے کچھ پرانے حصے کو چھوڑ کر سڑک کو کوٹلی کالابن اور سنگیوٹ کے علاقوں سے تعمیر کیا جا رہا ہے، جہاں ایک ٹنل کی تعمیر بھی جاری ہے۔ اس وجہ سے بھمبر گلی اور گرد و نواح کے متاثرہ حصے کی طرف کوئی خاص توجہ نہیں دی جا رہی، جس سے مقامی لوگوں میں بے چینی پائی جاتی ہے۔مقامی باشندوں نے مطالبہ کیا ہے کہ متعلقہ حکام فوری طور پر اس حصے کی مرمت کے اقدامات کریں۔ انہوں نے زور دیا کہ سڑک پر تار کول بچھانے کے ساتھ ساتھ کھڈوں کو بھرنے کے لئے فوری ہدایت جاری کی جائے تاکہ آمد و رفت آسان اور محفوظ ہو سکے۔عوام کا کہنا ہے کہ اگر اس معاملے پر بروقت توجہ نہ دی گئی تو سڑک کی خستہ حالی مزید بڑھ جائے گی اور حادثات کا خطرہ بھی مسلسل بڑھتا جائے گا۔ شہریوں نے کہا کہ حکومت اور متعلقہ محکمے کو اپنی ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے اس اہم شاہراہ کے متاثرہ حصے کی مرمت کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنا چاہیے تاکہ مقامی عوام بلا خوف و خطر اپنی آمد و رفت کر سکیں اور تجارتی و اقتصادی سرگرمیاں بھی متاثر نہ ہوں۔