عظمیٰ نیوز سروس
سری نگر// جموں و کشمیر بی جے پی کے صدرست شرمانے کہا ہے کہ جموں و کشمیر وزیر اعظم نریندر مودی کے متحرک وژن کے تحت خود انحصاری کے ماڈل کے طور پر تیزی سے ابھر رہا ہے۔کل یہاںایک پریس کانفرنس سے خطاب کر تے ہوئے انہوں نے کہا کہ پورے جموں و کشمیر میں آتم نر بھر بھارت پہل کے دور رس اثرات کو اجاگر کیا، خاص طور پر نوجوانوں، خواتین، چھوٹے کاروباری مالکان اور اسٹارٹ اپس کو بااختیار بنانے میں۔ انہوں نے کہا کہ پی ایم مودی کی قیادت میں ہندوستان تیزی سے وکست بھارت کے وژن کی طرف بڑھ رہا ہے اور پہلے ہی دنیا کی چوتھی سب سے بڑی معیشت بن گیا ہے۔شرما نے کہا کہ آتم بربھر بھارت صرف ایک نعرہ نہیں ہے، یہ ایک عوامی تحریک ہے جو ہندوستان کی روح کو نئی شکل دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں لوگ ایک خاموش انقلاب کا مشاہدہ کر رہے ہیں کیونکہ ہمارے نوجوان روزگار پیدا کرنے والے بن رہے ہیں، ہماری خواتین کاروباری بن کر ابھر رہی ہیں، اور ہماری مقامی صنعتیں قومی اور عالمی منڈی تلاش کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مودی کی دور اندیش قیادت میں ہم ایک مضبوط، پراعتماد اور خود انحصاری والے نئے ہندوستان کی بنیاد رکھ رہے ہیں۔ست شرما نے جموں و کشمیر میں مرکزی اسکیموں کے کامیاب نفاذ پر بھی روشنی ڈالی، جو روزی روٹی پیدا کر رہی ہیں اور علاقائی ترقی کو تیز کر رہی ہیں۔پریس کانفرنس میں انور خان، عارف راجہ اور دیگر سینئر لیڈران بھی موجود تھے۔