عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//راجوری پولیس نے پیر کے روز چنگس علاقے میں تین الگ الگ کارروائیوں کے دوران مویشی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 26 جانور برآمد کر لیے، چار ملزمان کو گرفتار کیا اور تین گاڑیاں ضبط کر لیں۔پولیس کے مطابق پہلی کارروائی سسلکوٹ علاقے میں کی گئی، جہاں پولیس پوسٹ چنگس کی ٹیم نے ایک ٹاٹا موبائل (رجسٹریشن نمبر JK11B-4669) کو روکا۔ گاڑی سے 11 مویشی غیر قانونی طور پر سرینگر منتقل کئے جا رہے تھے۔ پولیس نے موقع پر دو افراد بلبیر کمار ولد مہندر پال سکنہ چھڈکی اور نیاز احمد ولد محمد رشید ساکن نوشہرہ کو گرفتار کر لیا۔ اس سلسلے میں تھانہ راجوری میں ایف آئی آر نمبر 492/2025 زیر دفعات 223 بی این ایس اور 11 پی سی اے ایکٹ درج کی گئی ہے۔دوسری کارروائی کیری چنگس میں عمل میں لائی گئی جہاں پولیس نے ناکہ لگا کر دو ٹاٹا موبائل گاڑیاں (JK11B-4673 اور JK11E-0598) کو روکا۔ تلاشی کے دوران ان گاڑیوں میں 15 مویشی بغیر کسی قانونی اجازت نامے کے منتقل کئے جا رہے تھے۔ پولیس نے اس موقع پر رنجوت سنگھ ولد دیدار سنگھ ساکن نریان اور مختیار علی ولد محمد شریف ساکن انیاتپورہ کو گرفتار کر لیا۔پولیس نے بتایا کہ اس معاملے میں ایف آئی آر نمبر 493/2025 اور 494/2025 بھی درج کی گئی ہیں، جبکہ برآمد شدہ جانور اور ضبط شدہ گاڑیاں مزید کارروائی کے لئے پولیس تحویل میں لے لی گئی ہیں۔حکام کا کہنا ہے کہ تحقیقات جاری ہیں اور مویشی اسمگلنگ میں ملوث دیگر افراد کے بارے میں بھی معلومات اکھٹی کی جا رہی ہیں تاکہ انہیں بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔