عظمیٰ نیوز سروس
ریاسی//گورنمنٹ ڈگری کالج ریاسی میں مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کے فاصلاتی اور آن لائن تعلیم کے پروگرامز پر ایک بیداری سیشن منعقد کیا گیا، جس کی میزبانی اردو اور ہندی کے شعبوں نے مشترکہ طور پر کی۔اس پروگرام کا مقصد طلباء کو مانو کے سینٹر فار ڈسٹینس اینڈ آن لائن ایجوکیشن کے ذریعے دستیاب تعلیمی سہولیات اور داخلہ کے عمل سے آگاہ کرنا تھا۔سیشن کا آغاز پروفیسر عرفان علی، سربراہ شعبہ اردو، جی ڈی سی ریاسی نے اپنے تعارفی لیکچر سے کیا۔ انہوں نے کہا کہ فاصلاتی تعلیم دور دراز علاقوں کے طلباء کے لئے ایک قیمتی موقع ہے، جو انہیں اعلیٰ تعلیم تک رسائی فراہم کرتا ہے۔مانو کے ریجنل ڈائریکٹر ڈاکٹر عبد الغنی نے طلباء سے براہ راست خطاب کیا اور داخلہ کے طریقہ کار، دستیاب پروگرامز اور لرنر سپورٹ سینٹرز پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے طلباء کے سوالات کے جوابات بھی دئیے اور انہیں عملی رہنمائی فراہم کی۔تقریب کے اختتام پر ڈاکٹر پوجا دھیمان، صدر شعبہ ہندی، جی ڈی سی ریاسی نے شکریہ کی رسم ادا کی۔ اس موقع پر اردو اور ہندی کے طلباء نے بھرپور دلچسپی کا مظاہرہ کیا۔یونیورسٹی نے اس سال ایم اے اردو، ہندی، انگلش، عربی، ہسٹری، اسلامک اسٹڈیز، ایم بی اے، بی ایڈ، بی اے (آنرز)، بی ایس سی (آنرز) اور بی کام (آنرز) سمیت کئی نئے کورسز متعارف کرائے ہیں۔ اس کے علاوہ ڈپلومہ و سرٹیفکیٹ کورسز جیسے جرنلزم اینڈ ماس کمیونیکیشن، اسکول لیڈرشپ اینڈ مینجمنٹ، ایمپلائبیلٹی اسکلز، ارلی چائلڈ ہْڈ ایجوکیشن اور اردو ڈپلومہ بھی شامل ہیں۔ڈاکٹر عبد الغنی نے کہا کہ ’اردو وہ زبان ہے جو محبت اور علم کا پیغام دنیا تک پہنچاتی ہے۔ یونیورسٹی کا مقصد یہ ہے کہ ہر طبقے اور علاقے کے طلباء کو اعلیٰ تعلیم کے مواقع فراہم کیے جائیں تاکہ وہ اپنے خوابوں کو پورا کر سکیں‘۔طلباء کی سہولت کے لئے جموں و کشمیر کے مختلف ڈگری کالجوں جیسے راجوری، ڈوڈہ، پونچھ، رامبن، کشتواڑ، بدھل، مینڈھر، سرنکوٹ اور بانہال میں لرنر سپورٹ سینٹرز قائم کئے گئے ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ بی ایڈ اور ایم بی اے کے داخلوں کی آخری تاریخ 17 ستمبر 2025 مقرر کی گئی ہے جبکہ دیگر کورسز کے لئے آخری تاریخ 13 اکتوبر 2025 ہے۔