عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے منگل کو کہاکہ لوگ علیحدگی پسندوں اور ملی ٹینٹوں کی زبان بولتے ہیں وہ ہمارے شہیدوں کی قربانیوں کی توہین کرتے ہیں اور ان کی روح کو ٹھیس پہنچاتے ہیں اور ایسے عناصر کے خلاف زمینی قانون کے مطابق سخت ترین کارروائی کی جائے گی،” ۔ انہوں نے کہا کہ جموں کشمیرکی سرزمین پولیس، فوج، سی اے پی ایف کے شہدا کے خون اور ملکی سالمیت کے لیے قربانیوں سے لبریز ہے اور اگر کوئی ہندوستان کی خودمختاری اور پولیس شہدا کی یادوں کی توہین کرتا ہے تو اسے بخشا نہیں جائے گا۔ لیفٹیننٹ گورنر 20ویں جموں و کشمیر پولیس شہدا یادگاری فٹ بال ٹورنامنٹ کی اختتامی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔لیفٹیننٹ گورنر نے جموں و کشمیر پولیس کے بہادر دلوں اور جموں و کشمیر کی ترقی اور خوشحالی کے لیے سلامتی، استحکام اور محفوظ ماحول میں ان کے اہم کردار کی بے لوث خدمات اور عظیم قربانی کو سلام پیش کیا۔انہوں نے کہا”جموں کشمیر فوج، پولیس اور سی اے پی ایف سے ہمارے بہادر وں کی قربانی کی علامت ہے، اس لیے شہدا کی یادوں کو محفوظ رکھنا نہ صرف فورسز کی بلکہ پوری عوام کی بھی ذمہ داری ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے کھلاڑیوں سے بات چیت کی اور جیتنے والی ٹیموں اور دیگر بہترین کارکردگی دکھانے والی ٹیموں اور ٹورنامنٹ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کو ٹرافیاں اور نقد انعامات دئیے۔فائنل میں، جے اینڈ کے بینک نے کشمیر ایونجرز فٹبال کلب کو شکست دی اور 20ویں جموں و کشمیر پولیس شہدا میموریل فٹ بال ٹورنامنٹ کا فاتح بن کر ابھرا۔