محمد تسکین
بانہال// بانہال کے چاپناڑی علاقے میں ریچھ کے ایک حملے میں ایک شخص شدید زخمی ہوا ہے اور اسے سب ضلع ہسپتال بانہال میں ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد گورنمنٹ میڈیکل کالج اننت ناگ منتقل کیا گیا ہے ۔محکمہ وائلڈ لائف حکام نے کشمیر عظمیٰ کو کو بتایا کہ اتوار کی شام چاپناڑی کے چانگلدار علاقے میں 55سالہ غلام محمد چندیل ولد عبد العزیز چندیل ساکنہ چندیل محلہ چاپناڑی اپنے گھر سے تھوڑی دور چانگلدار میں کام کر رہا تھا کہ نزدیکی جھاڑیوں سے ایک ریچھ نمودار ہوا اور غلام محمد چندیل پر حملہ اور ہوا۔ انہوں نے کہا کہ چینخ و پکار سنکر مقامی لوگ بچاؤ کیلئے دوڑ پڑے لیکن تب تک ریچھ نے غلام محمد کو بری طرح سے زخمی کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ مقامی لوگوں نے زخمی شخص کو فوری طور پر سب ضلع ہسپتال بانہال پہنچایا جہاں پر ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد زخمی کو مزید علاج کیلئے گورنمنٹ میڈیکل کالج اننت ناگ منتقیل کیا گیا ہے جہاں اسکی حالت مستحکم بتائی جاتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ وائلڈ لائف کی ایک ٹیم نے ریچھ کو علاقے سے باہر بھگانے کیلئے ریچھ کی تلاش شروع کر دی ہے جبکہ زخمی شخص کو معاوضہ دینے کیلئے بھی ضروری کاغذی کاروائی عمل میں لائی جا رہی ہے ۔