محمد تسکین
بانہال // بھارتی فوج کی 12 راشٹریہ رائفلز نے نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور کھیلوں کو فروغ دینے کے مقصد سے گورنمنٹ ہائر سیکنڈری اسکول اُکڑال میں پنچایتی سطح کے ایک والی بال ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا۔اس مقابلے میں اُکڑال اور ملحقہ علاقوں کی 12 ٹیموں نے بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ حصہ لیا۔ فائنل میچ انتہائی سنسنی خیز رہا جس میں فاتح ٹیم نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹرافی کے ساتھ 15 ہزار روپے نقد انعام جیتا، جبکہ رنر اپ ٹیم کو 10 ہزار روپے دیے گئے۔ یہ انعامات اُکڑال سی او بی (12 آر آر) کی جانب سے تقسیم کئے گئے۔تقریب میں فوجی افسران نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کھیل نوجوانوں میں فٹنس، ڈسپلن، قیادت اور باہمی تعاون کو فروغ دیتے ہیں اور ایسے مقابلے نوجوانوں کو مثبت پلیٹ فارم فراہم کرتے ہیں۔تقریب میں 400 سے زائد کھیل شائقین، اساتذہ، طلبہ، پنچایت نمائندوں اور مقامی لوگوں نے شرکت کی جنہوں نے فوج کی اس پہل کو سراہا۔ سماجی رہنماؤں نے فوج کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی سرگرمیاں نہ صرف مقامی ٹیلنٹ کو ابھارتی ہیں بلکہ معاشرتی ہم آہنگی اور بھائی چارے کو بھی فروغ دیتی ہیں۔