عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//جموں کشمیربینک نے یو ٹی حکومت کے ساتھ ایک مفاہمت نامے (ایم او یو)پر دستخط کیے ہیں تاکہ بینک کی طرف سے جمع کرائے گئے پنشن کے دعوئوں کی بروقت ادائیگی کو یقینی بنایا جا سکے۔مفاہمت نامے کے تحت تازہ طریقہ کار پنشن کے دعوئوں کے ہموار اور بغیر کسی رکاوٹ کے تصفیہ میں سہولت فراہم کرنے، زیر التوا کیسوں کے جمع ہونے کو ختم کرنے اور جموں و کشمیر کے میونسپل اور بلدیاتی اداروں سمیت پنشن کی تقسیم کے عمل کو مزید ہموار کرنے کیلئے ڈیزائن کیا گیا ہے۔پرنسپل سکریٹری (محکمہ خزانہ)سنتوش دی ویدیا نے دستخط کی تقریب کی صدارت کی، جس میں ڈائریکٹر جنرل، اکائونٹس اینڈ ٹریجریزفیاض احمد لون نے جموں و کشمیر حکومت کی جانب سے ایم او یو پر دستخط کیے جبکہ جنرل منیجر (گورنمنٹ بینکنگ)آشوتوش سرین نے بینک کی نمائندگی کرتے ہوئے اپنے دستخط کیے۔بینک کے ڈی جی ایم منجو گپتا، مشتاق احمد بیرو اور برانچ ہیڈ ( سیکریٹریٹ)دھیرج شرما کے علاوہ اے اے او(محکمہ خزانہ)ماجد محی الدین ڈار بھی اس تقریب میں موجود تھے۔اس طرح کے باضابطہ طریقہ کار پنشن کی ادائیگیوں کے بغیر کسی رکاوٹ کے نفاذ پر توجہ کے ساتھ موثر سرکاری بینکنگ خدمات فراہم کرنے کے بینک کے عزم کی تصدیق کرتے ہیں۔توقع کی جاتی ہے کہ نئے انتظامات سے حکومت اور پنشنرز دونوں کے لیے زیادہ کارکردگی، آسانی اور یقین دہانی ہو گی، جو کہ شہری دوست بینکاری خدمات کے ذریعے عوامی خدمات کی فراہمی میں ایک قابل اعتماد شراکت دار کے طور پر بینک کے کردار کی عکاسی کرتا ہے۔