یو این آئی
سرینگر// خشک موسمی صورتحال کے بیچ محکمہ موسمیات نے جموں و کشمیر میں 5 سے 7 اکتوبر تک میدانی علاقوں میں کہیں کہیں ہلکی سے درمیانی درجے کی بارشوں جبکہ پہاڑی علاقوں کے کچھ مقامات پر ہلکی برف باری کی پیش گوئی کی ہے ۔ کسانوں سے کہا گیا ہے کہ وہ 4 اکتوبر کی دوپہر تک دھان اور دیگر باغبانی کے فصلوں کی کٹائی کا کام جاری رکھ سکتے ہیں۔ متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ جموں وکشمیر میں 28 ستمبر سے 4 اکتوبر تک موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بعد میں 5 اکتوبر سے 7 اکتوبر تک میدانی علاقوں میں کہیں کہیں ہلکی سے درمیانی درجے کی بارشوں جبکہ پہاڑی علاقوں کے کچھ مقامات پر ہلکی برف باری کا امکان ہے ۔ ان کا کہنا ہے کہ 8 سے 10 اکتوبر تک موسم ایک بار پھر خشک رہنے کی توقع ہے ۔ محکمے نے کسانوں کو مشورہ دیا ہے کہ 4 اکتوبر کی دوپہر تک دھان اور دیگر باغبانی فصلوں کی کٹائی جاری رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ 29 ستمبر سے درجہ حرارت میں بتدریج گراوٹ ریکارڈ ہوسکتی ہے اور اس دوران 5 اور 6 اکتوبر کو درجہ حرارت میں نمایاں گراوٹ درج ہونے کا امکان ہے ۔