جاوید اقبال
مینڈھر // مینڈھر قصبہ میں حالیہ دنوں میں نقب زنی اور چوری کی وارداتوں میں نمایاں اضافہ دیکھنے کو ملا ہے، جس نے مقامی لوگوں میں خوف و تشویش پیدا کر دی ہے۔ تازہ ترین واقعے میں چوروں نے دیویندر سنگھ ولد جیت سنگھ کے گھر کو نشانہ بنایا اور تقریباً دس لاکھ روپے سے زائد مالیت کا قیمتی سامان چوری کر لیا۔ مالکان کے مطابق چوری شدہ سامان میں زیادہ تر سونا اور زیورات شامل تھے، جو ایک لڑکی کی شادی کے لئے برسوں کی محنت سے جمع کئے گئے تھے۔واقعے نے نہ صرف متاثرہ خاندان کو مالی نقصان پہنچایا بلکہ انہیں شدید ذہنی صدمے اور پریشانی میں بھی مبتلا کر دیا۔ مقامی مکینوں نے بتایا کہ پچھلے چند ہفتوں کے دوران متعدد نقب زنی کے واقعات رونما ہوچکے ہیں، لیکن پولیس کی طرف سے بروقت اور مؤثر کارروائی نہ ہونے کی وجہ سے جرائم پیشہ عناصر کے حوصلے بڑھتے جا رہے ہیں۔ عوام نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ پولیس گشت میں اضافہ کرے، سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے جائیں اور مجرموں کو فوری گرفتار کر کے سخت سے سخت سزا دی جائے تاکہ آئندہ اس قسم کے واقعات کی روک تھام کی جا سکے۔ بیوپار منڈل کے صدر بلرام شرما اور مقامی سماجی و دینی شخصیات نے بھی اس واقعے پر تشویش ظاہر کی اور کہا کہ شادی کے موقع پر زیورات کی چوری نے ایک خاندان کی خوشیوں کو ماند کر دیا ہے۔متاثرہ کنبے نے انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ انہیں انصاف فراہم کیا جائے اور نقصان کی بھرپائی کے لئے فوری مدد فراہم کی جائے۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر آلات اور شواہد کا جائزہ لیا اور مزید کارروائی شروع کر دی ہے جبکہ ایف ایس ایل ٹیم کو پونچھ سے بلا کر سیمپل لئے گئے ہیں تاکہ مجرموں کی شناخت اور گرفتاری ممکن ہو سکے۔