ہررکن کو 10 سوالات، 2 قراردادیں اورایک بل پیش کر نے کی اجازت
سرینگر//جموں و کشمیر اسمبلی کا موسم خزاں کا اجلاس آئندہ ماہ بلایا جائے گا۔جموں و کشمیر اسمبلی سیکریٹریٹ کی طرف سے جاری کردہ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ ایل جی نے اسمبلی اجلاس 23 اکتوبر کو صبح 10 بجے طلب کیا ہے۔حکم میں کہا گیا ہے”میں منوج سنہا، جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر کی حیثیت سے، جموں و کشمیرتنظیم نو ایکٹ، 2019 کی دفعہ 18(1) کے تحت عطا کردہ اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے، جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کا اجلاس جمعرات، 23 اکتوبر، کو سرینگر میں بلایا ہے۔” اسمبلی سیکریٹریٹ نے اراکین پر زور دیا کہ وہ مقررہ تاریخ، وقت اور جگہ پر قانون ساز اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کو آسان بنائیں۔قبل ازیں، وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی قیادت میں جموں و کشمیر کی کابینہ نے اسمبلی کا اجلاس 13 اکتوبر کو بلانے کی سفارش کی تھی، لیکن ایل جی نے 23 اکتوبر کو بلایا ہے۔ ادھرجموں و کشمیر اسمبلی خزاں اجلاس کی تیاری کر رہی ہے۔قانون ساز اسمبلی سیکرٹریٹ نے ہفتہ کو اعلان کیا کہ ہر ایم ایل اے ایوان کے آئندہ موسم خزاں اجلاس کے لیے 10 سوالات، دو قراردادیں اور ایک بل پیش کر سکتا ہے۔ایل اے سیکریٹریٹ کی طرف سے جاری کردہ نوٹس کے مطابق ہر ایم ایل اے کو پانچ ستاروں والے اور پانچ غیر ستارے والے 10 سوالات اور دو قراردادوں اور ایک بل کے ساتھ پیش کرنے کی اجازت ہے۔ سوالات اور بلوں کے لیے جمع کرانے کی آخری تاریخ 4اکتوبر اور قراردادوں کے لیے 7 اکتوبر ہے۔ اسمبلی کا آئندہ موسم خزاں اجلاس طوفانی ہونے کی توقع ہے، بھارتیہ جنتا پارٹی کے ساتھ، سب سے بڑی اپوزیشن پارٹی سیلاب، بے روزگاری، اور انتخابی وعدوں کو پورا کرنے میں حکومت کی ‘ناکامی سمیت متعدد مسائل پر حکومت کو گھیرنے کے لیے تیار ہے۔دریں اثنا، کشمیر میں مقیم چھوٹی اپوزیشن جماعتیں، ریاستی حیثیت اور ریزرویشن جیسے مسائل پر حکومت کو چیلنج کر سکتی ہے۔