عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//انفوما اکیڈمی نے ڈیجیٹل دنیا میں ایک بڑا قدم اٹھاتے ہوئے اپنا طویل عرصے سے منتظر موبائل ایپ لانچ کر دیا۔ اس کا اعلان اکیڈمی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر امان شکیل نے اپنی ڈیولپمنٹ ٹیم کے ساتھ کیا، جنہوں نے کئی مہینوں کی محنت کے بعد اس منصوبے کو حقیقت بنایا۔امان شکیل نے کہا’’ ہمارا مقصد ایک ایسا پلیٹ فارم بنانا تھا جہاں علم، تفریح اور بزنس ایک ساتھ پروان چڑھ سکیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ افراد، تخلیق کار اور کاروباری حضرات سیکھیں، جدت لائیں اور کامیاب ہوں‘‘۔انہوںنے کہا کہ ایپ کی کئی نمایاں خصوصیات ہیںجن میں سب سے اہم مارکیٹ پلیس برائے سوشل میڈیا اونر ہے، جہاں وٹ از ایپ گروپ ایڈمنز، انسٹاگرام پیج مالکان، فیس بک مینیجرز اور یوٹیوب کری ایٹرز اپنے آن لائن کمیونٹیز خرید و فروخت کر سکیں گے جو ڈیجیٹل کاروبار کے نئے دروازے کھولے گا۔اس کے علاوہ صارفین انٹریکٹو کوئزیز میں حصہ لے سکتے ہیں، لیڈر بورڈ پر اپنی پوزیشن بہتر بنا سکتے ہیں اور نالج ہب کے ذریعے مختلف مضامین، معلوماتی حقائق اور پوسٹس سے اپنی آگاہی بڑھا سکتے ہیں۔ مواد تخلیق کرنے والوں کے لیے مختصر ویڈیوز اپ لوڈ کرنے کی سہولت دی گئی ہے، جو دنیا کی معروف ایپس سے مشابہت رکھتی ہے، جبکہ بلٹ ان گیمنگ سیکشن تفریح اور مقابلہ جاتی اسکورز کے ساتھ جڑا ہوا ہے۔اس ایپ کے آغاز کا کشمیری طلبہ، سوشل میڈیا مینیجرز اور نوجوان کاروباری حضرات نے خیر مقدم کیا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ کثیر الجہتی ایپ ایک گیم چینجر ثابت ہو سکتی ہے، جو تخلیقی صلاحیتوں کو بزنس اور تعلیم کے ساتھ ایک پلیٹ فارم پر جوڑتی ہے۔تفریح، علم اور مواقع کو یکجا کر کے، انفوما اکیڈمی کا یہ نیا پلیٹ فارم کشمیری ڈیجیٹل نسل کے جڑنے اور آگے بڑھنے کے طریقوں کو نئی شکل دے سکتا ہے۔