عظمیٰ ویب ڈیسک
لہیہ/فوج کی شمالی کمان کے جنرل آفیسر کمانڈنگ لیفٹیننٹ جنرل پرتیک شرما نے ہفتہ کو لیفٹیننٹ گورنر کویندر گپتا سے راج بھون میں ملاقات کی۔ اس ملاقات کے دوران خطے کی سلامتی کی مجموعی صورتحال اور ابھرتے ہوئے سکیورٹی چیلنجز پر تفصیلی تبادلۂ خیال ہوا۔سرکاری ترجمان کے مطابق، لیفٹیننٹ جنرل پرتیک شرما نے لیفٹیننٹ گورنر کو سرحد اور دیگر حساس علاقوں کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر سرحدی حفاظتی اقدامات اور عوامی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے فوج اور دیگر سکیورٹی ایجنسیوں کی مشترکہ حکمت عملی پر بھی روشنی ڈالی گئی۔
لیفٹیننٹ گورنر کویندر گپتا نے شمالی کمان اور فائر اینڈ فیوری کور کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ لداخ میں امن و ترقی کے لیے فوج کی کوششیں انتہائی اہمیت رکھتی ہیں۔ انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ فوج اور سول انتظامیہ کے درمیان قریبی تال میل سے خطے میں امن قائم رکھنے اور عوامی اعتماد کو مستحکم کرنے میں مدد ملے گی۔اس ملاقات میں دونوں جانب سے اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ خطے میں امن و امان کو ہر قیمت پر قائم رکھا جائے گا اور معصوم شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو اولین ترجیح دی جائے گی۔
شمالی کمان کے سربراہ کی ایل جی سے ملاقات، سکیورٹی امور پر تبادلہ خیال
