عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں/وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے آئی آئی ٹی جموں کی توسیع کے سنگِ بنیاد رکھنے کے موقع پر مرکزی وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے اسے جموں کے لئے ایک تاریخی اور فخر کا لمحہ قرار دیا ڈاکٹر جتیندرسنگھ نے نامہ نگاروں سے گفتگو میں کہا کہ یہ ہمارے لئے فخر کی بات ہے کہ ایک اعلیٰ تعلیمی ادارہ جیسے آئی آئی ٹی جموں میں تیز رفتاری کے ساتھ ترقی پا رہا ہے۔ 2014 سے قبل بھی جموں کے عوام ایک اعلیٰ معیار کے ادارے کا مطالبہ کر رہے تھے۔ سری نگر میں انجینئرنگ کالج تھا جو بعد میں این آئی ٹی میں تبدیل ہوا، لیکن اس کے باوجود جموں کے لوگوں کی خواہش ایک اعلیٰ درجے کی انسٹی چیوٹ کی تھی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ 2014 میں سابق وزیر خزانہ ارون جیٹلی نے عبوری بجٹ میں آئی آئی ٹی جموں کا اعلان کیا تھا، اور آج یہ ادارہ نئے قائم شدہ آئی آئی ٹیز میں سب سے زیادہ ترقی یافتہ مانا جا رہا ہے۔ ڈاکٹرجتیندر سنگھ نے کہااین آئی ایف انڈیکس میں آئی آئی ٹی جموں ملک کے ٹاپ 60 انجینئرنگ اداروں میں شامل ہے جو ہمارے لئے باعث فخر ہے ۔
مرکزی وزیر نے اس موقع پر یہ بھی اعلان کیا کہ آئی آئی ٹی جموں میں ایک ریسرچ پارک قائم کیا جائے گا جو شمالی ہند کے لئے ایک بالکل نیا تصور ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ایسا ریسرچ پارک سب سے پہلے آئی آئی ٹی مدراس میں قائم کیا گیا تھا، اور اب جموں میں اس کا قیام تعلیمی و تحقیقی میدان میں ایک سنگ میل ثابت ہوگا۔واضح رہے کہ آئی آئی ٹی جموں کی توسیع سے نہ صرف خطے کے تعلیمی معیار میں اضافہ ہوگا بلکہ روزگار، تحقیق اور اختراعات کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔
جموں میں آئی آئی ٹی کی توسیع فخر کی بات: مرکزی وزیر ڈاکٹر جتیندر سنگھ
