محتشم احتشام
پونچھ//اسپورٹس اسٹیڈیم پونچھ میں ایک روح پرور اور شاندار تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں پنڈت دین دیال اْپادھیائے کی یومِ پیدائش کو عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔ یہ تقریب میرا یْووا بھارت (MY Bharat) پونچھ کی جانب سے وزارتِ امورِ نوجوانان و کھیل، حکومتِ ہند کے تعاون سے منعقد ہوا، جس میں جن میموریل یوتھ کلب، جومائی بھارت پونچھ سے وابستہ ہے، بھی سرگرم رہی۔اس تقریب کا بنیادی مقصد ایک عظیم شخصیت کو یاد کرنے کے ساتھ ساتھ نوجوانوں کو اْس فکر و فلسفے سے روشناس کرانا ہے جو پنڈت دین دیال اْپادھیائے کی پہچان ہے،اْن کا پیش کردہ نظریہ انٹیگرل ہیومینزم نہ صرف ہندوستانی سماج کیلئے رہنمائی کا سرچشمہ ہے بلکہ انسانیت کی ہمہ جہتی خدمت اور ہم آہنگ ترقی کی عملی راہ بھی ہے۔پروگرام کے دوران مختلف سرگرمیوں کا اہتمام کیا گیا ہے، جن میں تقاریر، مباحثے، ثقافتی مظاہرے اور نوجوانوں کے لئے رہنمائی پر مبنی نشستیں شامل ہیں۔ مقررین کا کہنا تھا کہ دین دیال اْپادھیائے کی حیات اس بات کی روشن مثال ہے کہ کس طرح ایک فرد اپنی فکری بصیرت اور عزمِ صمیم کے ذریعے پورے معاشرے کی سمت متعین کر سکتا ہے۔تقریب کے منتظمین نے کہا کہ یہ تقریبات نوجوانوں کے لئے ایک یاد دہانی ہیں کہ ترقی کا راستہ صرف مادی وسائل کے بل پر نہیں بلکہ اخلاقی قدروں، باہمی تعاون اور ذمہ دار شہری بننے کے عزم پر استوار ہوتا ہے۔شرکاء نے اپنے خطاب میں کہا کہ اگر نوجوان نسل دین دیال اْپادھیائے کے پیش کردہ اصولوں کو اپنی عملی زندگی میں اپنائے تو ملک و قوم کا مستقبل نہ صرف روشن ہوگا بلکہ عالمی سطح پر ایک نئی مثال بھی قائم ہوگی۔پروگرام کے اختتام پر یہ طے پایا کہ تنظیم سے وابستہ ادراد نے کہا کہ وہ آئندہ بھی ایسے پروگرام منعقد کرتے رہیں گے تاکہ سماج کے ہر طبقے میں مثبت سوچ اور بامقصد سرگرمیوں کو فروغ دیا جا سکے۔