یواین آئی
نیویارک/لیونل میسی نے دو گول اسکور کئے اور ایک اور گول کی بنیاد رکھی، جس کی بدولت انٹر میامی نے نیویارک سٹی کو 4-0 سے شکست دے کر ایم ایل ایس پلے آف میں جگہ بنا لی۔ ہاف ٹائم سے بالکل پہلے بالٹاسر روڈریگیز نے میسی کی شاندار تھرو بال پر دوڑتے ہوئے گول کیا اور پرسکون انداز میں شاٹ کو نچلے دائیں کونے میں پہنچا دیا۔ سرجیو بوسکیٹس کے دفاع کو توڑ دینے والے پاس پر میسی نے گول کیپر میٹ فریز کے اوپر سے نہایت ہوشیاری سے شاٹ لگا کر برتری کو دوگنا کر دیا۔ اس کے بعد، جسٹن ہاک کی جانب سے روڈریگو ڈی پاؤل کو گرانے کے بعد لوئس سواریز نے پینلٹی کو گول میں تبدیل کیا۔ میچ ختم ہونے سے چار منٹ قبل میسی نے باکس میں ڈرائیو کرتے ہوئے ایک تنگ زاویے سے دائیں پاؤں کے شاٹ کے ذریعے گیند کو دور کونے میں پہنچا کر کامیابی مکمل کی۔ 38 سالہ آٹھ بار کے بیلن ڈی اور ایوارڈ یافتہ میسی نے اس سیزن میں میامی کے لیے تمام مقابلوں میں 38میچوں میں 32 گول کیے ہیں اور 14 اسسٹ دیے ہیں۔ فلوریڈا کی یہ ٹیم 55 پوائنٹس کے ساتھ ایسٹرن کانفرنس میں تیسرے نمبر پر ہے ، جو سرفہرست فلاڈیلفیا سے پانچ پوائنٹس پیچھے ہے ۔