محتشم احتشام
پونچھ//ضلع ہسپتال پونچھ میں آوارہ کتوں کی موجودگی نے مریضوں اور ان کے تیمارداروں کے لئے مشکلات کھڑی کر دی ہیں۔ ہسپتال کے احاطے اور اردگرد کے علاقوں میں آوارہ کتوں کی بڑھتی ہوئی تعداد نہ صرف مریضوں بلکہ وہاں سے گزرنے والے شہریوں کے لئے بھی خوف و ہراس کا باعث بنی ہوئی ہے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ ہسپتال ایک ایسا مقام ہے جہاں لوگوں کو سہولت اور تحفظ میسر آنا چاہیے، لیکن آوارہ کتوں کی وجہ سے یہاں سے گزرنا بھی دشوار ہو چکا ہے۔ خاص طور پر رات کے وقت یہ مسئلہ زیادہ سنگین صورت اختیار کر لیتا ہے جب مریضوں کے ساتھ آنے والے لوگوں کو ہسپتال کے احاطے میں داخل ہونا اور باہر نکلنا دونوں مشکل ہو جاتا ہے۔عوامی حلقوں نے انتظامیہ سے فوری اور مؤثر اقدامات اٹھانے کی اپیل کی ہے تاکہ مریضوں اور شہریوں کو اس اذیت سے نجات دلائی جا سکے۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر بروقت کارروائی نہ کی گئی تو کسی بڑے حادثے کا خدشہ ہے۔شہریوں نے ضلع انتظامیہ اور میونسپل حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ آوارہ کتوں کو قابو میں لانے کے لئے سخت اقدامات کئے جائیں تاکہ ضلع ہسپتال آنے والوں کو سکون اور تحفظ کا احساس ہو سکے۔