محتشم احتشام
پونچھ//جموں و کشمیر ہائی کورٹ سے سبکدوش ضلعی جج اور سینئر ایڈوکیٹ محمد اشرف ملک کے دفتر میں ایک باوقار تقریب منعقد ہوئی جس میں معروف مصنف بشارت نقوی کی تصنیف کردہ اہم کتاب ’دی لینڈ لارڈز لیجر‘کی رونمائی عمل میں آئی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے محمد اشرف ملک نے کتاب کو ایک پیشہ ورانہ طور پر مرتب کردہ اور عمیق تحقیق پر مبنی علمی کاوش قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ کتاب وکلاء ، جوڈیشل افسران، ریونیو اہلکاروں اور خاص طور پر جوڈیشل امیدواروں کے لئے قیمتی سرمایہ ثابت ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ سابق ریاست کی تنظیم نو کے بعد یونین ٹیریٹری میں اراضی قوانین میں جو نمایاں تبدیلیاں سامنے آئی ہیں، ان کے تناظر میں یہ اشاعت قانونی ادب میں بروقت اور نہایت ضروری اضافہ ہے۔مصنف بشارت نقوی نے کہا کہ ان کی کاوش کا مقصد اراضی اور ٹیننسی قوانین کی پیچیدگیوں کو آسان اور قابلِ فہم انداز میں پیش کرنا ہے تاکہ یہ موضوع نہ صرف امتحان دینے والے طلباء بلکہ پریکٹس کرنے والے وکلاء اور قانونی ماہرین کے لئے بھی زیادہ سہل ہو۔ انہوں نے اپنی تحریر کے دوران ملنے والی حوصلہ افزائی اور تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ کتاب متعلقہ کیس لا اور عملی مثالوں سے مالا مال ایک جامع گائیڈ ہے۔تقریب میں قانونی برادری کے اراکین، ریونیو ڈپارٹمنٹ کے افسران اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ شرکاء نے بشارت نقوی کی اس کاوش کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے قانون کے ایک نہایت اہم اور اکثر نظرانداز کئے جانے والے شعبے میں ایک مستند اور صارف دوست گائیڈ مرتب کر کے قانونی ادب میں ایک نمایاں اور پائیدار اضافہ کیا ہے۔”دی لینڈ لارڈز لیجر” جموں و کشمیر کے ریونیو اور ٹیننسی قوانین کا جامع جائزہ پیش کرتی ہے اور ماہرین کے مطابق یہ کتاب مستقبل میں وکلاء اور قانون کے طلبہ دونوں کے لئے ایک مستند حوالہ ثابت ہوگی۔