نئی دہلی/ مرکز کے زیر انتظام جموں و کشمیر سے راجیہ سبھا کی چار اور پنجاب کی ایک نشست کے لیے 24 اکتوبر کو ووٹنگ ہوگی۔
الیکشن کمیشن نے بدھ کو یہ اطلاع دیتے ہوئے کہا کہ 6 اکتوبر کو نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا اور امیدوار 13 اکتوبر تک کاغذات نامزدگی داخل کر سکتے ہیں۔ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 14 اکتوبر تک مکمل کی جائے گی اور امیدوار 16 اکتوبر تک اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے سکتے ہیں۔
کمیشن نے کہا کہ دو سالہ راجیہ سبھا انتخابی عمل کے ایک حصے کے طور پر، ووٹنگ 24 اکتوبر کو صبح 9 بجے سے شام 4 بجے تک ہوگی، اسی دن شام 5 بجے ووٹوں کی گنتی شروع ہوگی۔
الیکشن کمیشن نے کہا کہ مرکز کے زیر انتظام علاقے جموں و کشمیر کی نمائندگی کرنے والی راجیہ سبھا کی چار سیٹیں موجودہ ممبران کی میعاد ختم ہونے کے بعد خالی ہو گئی ہیں۔ کمیشن نے کہا کہ جموں و کشمیر کی چار نشستوں کے لیے وقت پر انتخابات کرانے کے لیے مطلوبہ الیکٹورل کالج دستیاب نہیں تھا۔ اب مرکز کے زیر انتظام علاقےجموں و کشمیر میں ایک قانون ساز اسمبلی ہے، اس لیے دو سالہ انتخابات کرائے جا رہے ہیں۔
جموں و کشمیر کی چاراور پنجاب کی ایک راجیہ سبھا نشست کے لیے انتخابات 24 اکتوبر کو
