عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/کرائم برانچ کشمیر کے اکنامک آفنسز وِنگ نے بدھ کے روز کروڑوں روپے کے زمین معاوضہ گھپلے کو بے نقاب کرنے کا دعویٰ کیا ہے اور اس سلسلے میں بانڈی پورہ و بڈگام اضلاع میں چھاپے مارے گئے۔
جاری ایک بیان میں ترجمان نے کہا کہ یہ کارروائی 400 کے وی ڈی سی سانبہ۔امرگڑھ ٹرانسمیشن لائن کے تحت زمین کے معاوضے کے جعلی دعوؤں کے معاملے میں کی گئی۔
بیان کے مطابق شکایت موصول ہونے کے بعد مقدمہ درج کیا گیا، جس میں الزام تھا کہ تحصیل خانصاحب بڈگام کے دیہات واتراد، دالابل اور کچواری میں ٹرانسمیشن لائن کے نیچے آنے والی زمین کا معاوضہ فرضی افراد کے نام پر نکالا گیا، جبکہ اصل مالکان کو معاوضے سے محروم رکھا گیا۔
تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ کروڑوں روپے کا معاوضہ جعلی بینک کھاتوں کے ذریعے غیر موجود افراد کے نام پر نکلوایا گیا، جو ایم/ایس یونٹیک پاور ٹرانسمیشن لمیٹڈ کے ملازمین، پراپرٹی ڈیلرز اور بعض بینک اہلکاروں کی ملی بھگت سے کیا۔
بیان کے مطابق اس گھپلے میں مشتاق احمد لون ولد محمد اکبر لون ساکن واتراد دالابل تحصیل خانصاحب بڈگام، بلال احمد میر ولد غلام احمد میر ساکن پتو شاہی وٹپورہ بانڈی پورہ، رنجیت سنگھ اور سمالیہ کمار (ملازمین ایم/ایس یونٹیک پاور ٹرانسمیشن لمیٹڈ) سمیت دیگر افراد کے نام سامنے آئے ہیں۔ ان پر دفعہ 409، 419، 420، 467، 468، 471 اور 120-بی آر پی سی کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ اس سلسلے میں مزید کئی مقامات پر گھر گھر تلاشی کارروائی جاری ہے۔