عظمیٰ نیوزسروس
سرینگر//پائین شہر کے وسیع علاقے میں گزشتہ ایک ماہ سے پینے کے صاف پانی کی شدیدقلت پائی جاتی ہے ،جس کی وجہ سے ان علاقوں کے لوگوں کو سخت مشکلات کاسامنا ہے۔زیندارمحلہ،ڈڈی کدل حبہ کدل،کاکہ سرائے ،ٹینکی پورہ اور دیگر علاقوں میں پینے کے پانی کی نامعقول سپلائی کی وجہ سے لوگوں کو زبردست پریشانی ہے۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ ان کے علاقوں میں گزشتہ ایک ماہ سے پانی کی سپلائی متاثر ہے اور دور کے علاقوں سے پانی لانے جاناپڑتا ہے۔مشتاق احمد نامی ایک شہری نے بتا یا کہ ان کے محلہ میں پانی کی قلت کی وجہ سے خواتین کو کافی مشکلات پیش آرہی ہیں کیوں کہ نہ ہی انہیں کھانا پکانے کیلئے معقول پانی دستیاب ہوتا ہے اور نہ کپڑے اوربرتن دھونے کیلئے۔مشتاق احمد کاکہنا تھا کہ انہیں صبح شام دور علاقوں سے پانی کنستروں میں بھر کرلانا پڑتا ہے۔انہوں نے کہا کہ کئی گھرانے اب کھانے پکانے اور پینے کیلئے بوتل بند پانی خریدنے پر مجبور ہوگئے ہیں جو ان کی استطاعت سے باہر ہے۔انہوں نے محکمہ جل شکتی سے اپیل کی کہ ان علاقوں میں پینے کے پانی کی سپلائی کو معقول بنایا جائے۔ادھر پریس کالونی سرینگر میں پبلک ٹیپس(عام لوگوں کیلئے لگائے گئے نل ) میں بھی پانی نہیں ہوتا ہے جس وجہ سے دکانداروں اور عام لوگوں کو پریشانی ہوتی ہے۔