رمیش کیسر
نوشہرہ //جموں۔راجوری قومی شاہراہ پر ڈنڈیشور کے مقام پر منگل کے روز ایک بار پھر حادثہ پیش آیا، تاہم اس حادثے میں کسی بھی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔قومی شاہراہ نمبر 144 پر ایک ایس یو وی گاڑی زیر نمبر HR 120K 7215 اچانک بے قابو ہو کر سڑک کے کنارے پلٹ گئی۔گاڑی میں پانچ افراد سوار تھے جو خوش قسمتی سے محفوظ رہے اور کسی کو کوئی شدید نقصان نہیں پہنچا۔ البتہ بعض مسافروں کو معمولی نوعیت کی چوٹیں آئیں جنہیں فوری طور پر مقامی لوگوں کی مدد سے طبی امداد فراہم کی گئی۔ حادثے کے فوراً بعد مقامی لوگوں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر سواروں کو گاڑی سے باہر نکالا اور ٹریفک کو رواں دواں رکھنے میں بھی مدد کی۔پولیس نے اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچ کر صورتحال کا جائزہ لیا اور حادثے کی شکار گاڑی کو اپنی تحویل میں لے لیا۔ اس کے ساتھ ہی متعلقہ پولیس تھانے نے قانونی کارروائی بھی شروع کر دی ہے۔ ابتدائی جانچ کے مطابق گاڑی ڈرائیور کے قابو سے باہر ہونے کے بعد پلٹ گئی، تاہم اصل وجوہات کا پتہ لگانے کے لئے مزید تحقیقات جاری ہیں۔مقامی لوگوں نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ حادثہ اگرچہ خوفناک تھا لیکن سبھی مسافر محفوظ رہے۔ انہوں نے متعلقہ محکموں سے مطالبہ کیا کہ قومی شاہراہ پر حفاظتی اقدامات مزید سخت کئے جائیں تاکہ اس طرح کے واقعات پر قابو پایا جا سکے۔قابل ذکر ہے کہ جموں۔راجوری قومی شاہراہ پر آئے روز حادثات پیش آتے ہیں جس کی وجہ سے مسافروں اور مقامی عوام میں تشویش پائی جاتی ہے۔