یواین آئی
ریاض// سعودی عرب میں جنرل ڈائریکٹوریٹ آف سول ڈیفنس کی جانب سے ملک کے مختلف علاقوں میں جمعرات تک بارش کا الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔عرب خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق مکہ مکرمہ ریجن درمیانے درجے سے شدید بارش کی زد میں رہے گا، سیلابی صورتحال، ڑالہ باری اور گرد آلود ہوائیں چل سکتی ہیں۔عسیر، جازان اور الباحہ ریجن میں درمیانے درجے سے موسلا دھار بارش کا الرٹ جاری کیا گیا ہے جبکہ مدینہ منورہ، ریاض، قصیم، حائل، اشرقیہ ریجن اور نجران میں ہلکی سے درمیانے درجے کی بارش ہوسکتی ہے۔رپورٹس کے مطابق ڈائریکٹوریٹ نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر کے ساتھ خود کو محفوظ مقامات تک محدود رکھنے کا مشورہ دیا ہے۔بیان کے مطابق سیلاب سے متاثرہ مقامات، وادیوں اور نشیبی مقامات سے دور رہیں۔ ایسے مقامات پر جہاں بارش کا پانی جمع ہو تیراکی سے گریز کیا جائے۔اس سے قبل سعودی عرب مدینہ منورہ میں موسلادھار بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا، جبکہ بارش کے دوران زائرین نے رب کے حضور دعائیں مانگیں۔رپورٹ کے مطابق مدینہ منورہ میں بادل خوب برسے جس سے ہر طرف جل تھل ہوگیا۔رپورٹس کے مطابق مسجد نبوی ؐ میں بھی باران رحمت جم کر برسا جس کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر بھی گردش کررہی ہیں۔بارش کے باعث مدینہ منورہ میں گرمی کی شدت میں کمی آئی اور موسم خوشگوار ہوگیا۔