عظمیٰ نیوز سروس
سری نگر//وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے کل بھارت سی ایس آر نیٹ ورک اور سرکلر اکانومی الائنس آسٹریلیا (سی اِی اے اے ) کے بانی و چیئرپرسن ساجد سعید کی قیادت میں ایک اِنڈو۔آسٹریلین وفد سے ملاقات کی جس میں جموں و کشمیر میں دیرپا ترقی کو فروغ دینے کے لئے کارپوریٹ سوشل رسپانسبلٹی (سی ایس آر) کے مختلف منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وفد نے متعدد اقدامات کی تجویز پیش کی جن کا مقصد کمیونٹی کو بااِختیار بنانے اور ماحولیاتی دیرپائی کو فروغ دینا ہے جن میں سمارٹ ولیجوں کا قیام، آرٹیفیشل انٹلی جنس (اے آئی) لیبارٹریوں کا قیام، ویسٹ ٹو ویلتھ پروگراموں کی عمل آوری، آبی آلودگی کے خاتمے کے منصوبے، کمیونٹی سینٹروں کی تعمیراور سیلاب زدہ لوگوں کی بحالی میں مدد فراہم کرنا شامل ہیں۔وزیر اعلیٰ نے اِن تجاویز کا خیرمقدم کرتے ہوئے وفد کے شمولیتی ترقی کے عزم کو سراہا اور کھیل، مہارتوں میں بہتری اور گرین فیلڈ منصوبوں کو تعاون کے لئے ترجیحی شعبے قرار دیا۔ اُنہوں نے ٹیم پر زور دیا کہ وہ کتب خانوں کی تعمیر، سکولوں کی بہتری اور سکول سطح پر ماحولیاتی استحکام سے متعلق اقدامات پر عملی تجاویز تیار کریں۔عمر عبداللہ نے وفد کو حکومت کی مکمل تعاون کا یقین دِلاتے ہوئے کہا کہ ایسے شراکت داریاں طویل المدتی سماجی و اِقتصادی ترقی کے لئے نہایت اہم کردار اَدا کرتی ہیں۔