عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//جموں و کشمیر حکومت نے پانتہ چھوک اورصدر کوٹ بالا بانڈی پورہ اور دیگر مقامات پر روایتی پتھر کی کھدائی کی سرگرمیوں کو بحال کرنے کے طریقوں کا جائزہ لینے اور اسے حتمی شکل دینے کے لیے ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی ہے۔جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ(جی اے ڈی)کے جاری کردہ ایک حکم کے مطابق کمیٹی کی سربراہی سپیشل سکریٹری، کان کنی محکمہ کریں گے، اور اس میں جنگلات، محصولات، جل شکتی، دیہی ترقی، ارضیات اور کان کنی کے محکموں، کشمیر یونیورسٹی اور جموں و کشمیر کی آلودگی کنٹرول کمیٹی کے نمائندے شامل ہیں۔پینل کو قانونی فریم ورک اورماحولیاتی اثرات کا جائزہ لینے، انتظامی میکانزم کی تلاش، اور کھدائی کے کاموں کے لیے پائیدار اور کمیونٹی کے لحاظ سے حساس طریقے تجویز کرنے کا کام سونپا گیا ہے۔مرکز کے زیر انتظام علاقے میں پتھر کی کھدائی کے احیا کے بارے میں فیصلہ سازی کی سہولت کے لیے 30 دنوں کے اندر سفارشات کے ساتھ ایک تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔