عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/جموں و کشمیر حکومت نے پنتھہ چوک،صدرکوٹ، بالا بانڈی پورہ اور دیگر مقامات پر روایتی پتھر کی کان کنی کی سرگرمیوں کو بحال کرنے کے لئے اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی ہے۔جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری حکم نامے کے مطابق یہ کمیٹی محکمہ مائننگ کے اسپیشل سیکرٹری کی سربراہی میں قائم کی گئی ہے۔ اس میں محکمہ جنگلات، محکمہ مال، جل شکتی، دیہی ترقی، جیالوجی اینڈ مائننگ، کشمیر یونیورسٹی اور جموں کشمیر پولیوشن کنٹرول کمیٹی کے نمائندے شامل ہیں۔
کمیٹی کو ذمہ داری دی گئی ہے کہ وہ قانونی ڈھانچے کا جائزہ لے، ماحولیاتی اثرات کا تجزیہ کرے، انتظامی طریقۂ کار کی جانچ کرے اور کان کنی کے لئے پائیدار اور عوامی مفاد پر مبنی تجاویز پیش کرے۔احکامات کے مطابق، کمیٹی کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ 30 روز کے اندر اپنی مفصل رپورٹ اور سفارشات پیش کرے تاکہ یونین ٹیریٹری میں پتھر کی کان کنی کی بحالی کے بارے میں باخبر فیصلہ سازی کی جا سکے۔
پنتھہ چوک، بانڈی پورہ میں پتھر کی کان کنی کی بحالی کے لئے اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل
