عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/دیہی رابطہ کو مضبوط کرنے کے مقصد سے مرکزی حکومت نے ادھم پور پارلیمانی حلقہ میں 110 سڑک کاموں کی منظوری دے دی ہے جن پر تقریباً 2000 کروڑ روپے لاگت آئے گی۔ یہ منصوبے پردھان منتری گرام سڑک یوجنا (پی ایم جی ایس وائی-IV) بیچ-1 (2025-26) کے تحت منظور کیے گئے ہیں۔ ان پروجیکٹوں کے ذریعے 751.44 کلو میٹر سڑک تعمیر کی جائے گی جس سے ادھم پور حلقہ کی 178 آبادیوں کو سڑک رابطہ فراہم ہوگا۔
یہ اطلاع مرکزی وزیر برائے دیہی ترقی و زراعت اور کسان بہبود، شیو راج سنگھ چوہان نے 17 ستمبر 2025 کو لوک سبھا میں ادھم پور-ڈوڈہ-کٹھوعہ پارلیمانی حلقہ کے رکن پارلیمان اور وزیراعظم کے دفتر میں وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندرسنگھ کو بھیجی گئی ایک مکتوب میں دی۔چوہان نے رُکن پارلیمان ڈاکٹر جتیندر سنگھ پر زور دیا کہ وہ ان منصوبوں کی بروقت اور معیاری تکمیل کے لیے مرکز کے زیرانتظام خطے کو رہنمائی فراہم کریں تاکہ عوام زیادہ سے زیادہ مستفید ہو سکیں۔
جتندر سنگھ نے اس خوش آئند پیشرفت پر چوہان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر ایک پیغام میں کہا:’’ادھم پور، کٹھوعہ، ڈوڈہ لوک سبھا حلقہ میں 2000 کروڑ روپے مالیت کے 110 سڑک پروجیکٹ منظور کرنے پروزیر زراعت شیو راج سنگھ چوہان کا تہہ دل سے شکریہ… مزید کاموں کی منظوری بھی جلد متوقع ہے۔
چوہان نے اپنے مکتوب میں کہاپی ایم جی ایس وائی-IV بیچ-I (2025-26) کے تحت حکومت ہند نے (ادھم پور،ڈوڈہ،کٹھوعہ) پارلیمانی حلقہ میں 110 سڑک پروجیکٹوں کی منظوری دی ہے، جن کی لمبائی 751.44 کلومیٹر اور لاگت 1955.65 کروڑ روپے ہے۔ یہ منصوبے 178 آبادیوں کو سڑک رابطہ فراہم کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ان منصوبوں سے نہ صرف دیہی علاقوں میں بنیادی ڈھانچہ مضبوط ہوگا بلکہ خطے کی سماجی و معاشی ترقی کو بھی تقویت ملے گی۔ چوہان نے زور دیا کہ تعمیری کام تیزی سے اور معیار کے ساتھ انجام دیا جانا چاہیے تاکہ عوام طویل عرصے تک ان سڑکوں کے فوائد سے استفادہ کر سکیں۔
مرکزی حکومت کی جانب سے ادھم پورپارلیمانی حلقہ کیلئے 2000کروڑ روپے مالیت کے 110 پی ایم جی ایس وائی سڑک پروجیکٹ کو منظوری
