عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے اتوار کو کہا کہ جموں و کشمیر میں ترقی اور سیاحت اور کھیلوں کے شعبوں کے فروغ کے لیے امن بنیادی شرط ہے۔عبداللہ نے یہاں صحافیوں کو بتایا کہ ترقی کے لیے، سیاحت کے لیے یا کھیلوں کے لیے ہمیں ہر چیز کے لیے امن چاہیے، اگر ہم ڈے اینڈ نائٹ میچ کرانے کی بات کرتے ہیں اور اگر حالات ٹھیک نہیں ہیں تو شام کو کھیلنے کون آئے گا؟ ۔یہاں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا”امن ہر چیز کی بنیاد ہے” ۔لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے ہفتہ کو کہا تھا کہ جموں و کشمیر میں ترقی کے لیے امن شرط ہے۔ سنہا نے یہ بھی زور دے کر کہا کہ ملی ٹینسی کی کچھ باقیات مرکز کے زیر انتظام علاقے میں باقی ہیں۔عبداللہ نے کہا کہ امن قائم کرنے کی ذمہ داری ان پر نہیں آتی، اور زور دیا کہ “جو ذمہ دار ہیں، انہیں اپنی ذمہ داری پوری کرنی چاہیے۔”وزیر اعلیٰ نے کہا کہ جموں و کشمیر میں جو کچھ بھی ہوتا ہے اس کے لئے ان کی حکومت کو نشانہ بنایا جاتا ہے، یہاں تک کہ لا اینڈ آرڈر، جو اس کا ڈومین نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ کم از کم کچھ ایسا ہے جس کے لیے ہمیں ذمہ دار نہیں ٹھہرایا جا سکتا کیونکہ امن قائم کرنا ابھی میری حکومت کی ذمہ داری نہیں ہے۔ لیکن ہماری حکومت ہر چیز کے لیے نشانہ بنتی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ شاہراہ کی بندش سے فروٹ گروورس کو بہت نقصان ہوا ہے اور سرکار نے اسکی ابتدائی سروے کا کام شروع کیا ہے۔ انکا کہنا تھا کہ جن لوگوں کو میوہ خراب ہونے سے نقصان ہوا ہے انہیں معاوضہ دینے کی کوشش کی جائیگی، کیونکہ معاوضہ دینا انکا حق بنتا ہے۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ شاہراہ کی حالت بہت خراب ہے اور تھراڈ کے مقام پر جو میکڈم بچھایا گیا تھا وہ اکھڑ گیا ہے اور فی الحال اطمینان کی بات یہ ہے کہ مال بردار گاڑیوں کی آواجاہی مسلسل ہورہی ہے اور اس میں کوئی رکاوٹ نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ اس مقام پر سڑک کو دوبارہ پختہ کیا جائیگا اور اس حوالے سے کام ہونے جارہا ہے۔