عشرت حسین بٹ
منڈی // پونچھ پولیس نے غیر قانونی شراب کی اسمگلنگ کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے تحصیل منڈی کے ساوجیاں علاقے سے بیئر کے 45 ٹن (ڈبے) برآمد کر لئے ہیں۔ اس دوران پولیس نے دو افراد کو موقع پر ہی گرفتار کر کے گاڑی سمیت غیر قانونی شراب کو اپنی تحویل میں لے لیا۔پولیس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یہ کارروائی اتوارکے روز تقریباً چار بجے اس وقت عمل میں آئی جب پولیس چوکی ساوجیاں کی ایک ٹیم معمول کی گاڑیوں کی چیکنگ کر رہی تھی۔ دوران ناکہ ایک گاڑی زیر نمبر JK12D/0869 کو روکا گیا جس کی تلاشی کے دوران بیئر کے ڈبے بڑی مقدار میں برآمد ہوئے۔ گاڑی محمد چلا رہا تھا جبکہ اس میں سوار مختیار ولد محمد راشد ساکن وارڈ نمبر 03، پونچھ اور ساحل احمد ولد منیر حسین ساکن وارڈ نمبر 03، ڈنگاس، پونچھ موقع پر پکڑے گئے۔ دونوں کو گرفتار کرکے گاڑی سمیت شراب ضبط کر لی گئی۔پولیس نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات کے دوران ملزمان ضبط شدہ شراب کی نقل و حمل یا قبضے کے لئے کوئی لائسنس یا اجازت نامہ پیش کرنے میں ناکام رہے جس پر ان کے خلاف جموں و کشمیر ایکسائز ایکٹ 1958 کی دفعہ 48(اے) کے تحت پولیس اسٹیشن منڈی میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ مزید تحقیقات جاری ہیں تاکہ اس غیر قانونی دھندے کے پیچھے ملوث دیگر افراد تک بھی رسائی حاصل کی جا سکے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ پونچھ پولیس غیر قانونی شراب کے کاروبار کو جڑ سے اکھاڑنے کے لئے پرعزم ہے اور یہ کارروائی اس عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ امن و امان کو قائم رکھنے میں اپنا کردار ادا کریں اور اگر کہیں اس طرح کی سرگرمیوں کا علم ہو تو فوراً متعلقہ پولیس کو اطلاع دیں تاکہ سماج کو اس لعنت سے محفوظ رکھا جا سکے۔پونچھ پولیس کی اس بروقت کارروائی کو مقامی سطح پر سراہا جا رہا ہے کیونکہ ضلع میں غیر قانونی شراب کے بڑھتے ہوئے دھندے کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا جا رہا تھا۔ پولیس حکام نے یقین دلایا ہے کہ ایسے غیر قانونی کاموں میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی بلا امتیاز جاری رہے گی تاکہ سماج کو جرائم سے پاک بنایا جا سکے۔