عظمیٰ ویب ڈیسک
کشتواڑ/جموں و کشمیر کے ضلع کشتواڑ کے کیشون علاقے میں اتوار کی شام سیکورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان انکاؤنٹر شروع ہوا ہے۔ دفاعی ترجمان نے اسکی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ علاقے کو محاصرے میں لے کر فرار ہونے کے راستوں پر پہرے بٹھا دئے گئے ہیں۔ذرائع کے مطابق کشتواڑ کے کیشون کے علاقے میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع موصول ہونے کے بعد فوج نے اتوار کے روز علاقے کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کیا۔
انہوں نے کہاکہ جوں ہی فورسز اہلکار مشتبہ مقام کے نزدیک پہنچے تو وہاں پر موجود دہشت گردوں نے فائرنگ شروع کردی چنانچہ سلامتی عملے نے بھی پوزیشن سنبھال کر جوابی کارروائی کا آغاز کیا جس دوران شدید گولیوں کا تبادلہ شروع ہوا۔معلوم ہوا ہے کہ سیکورٹی فورسز نے وسیع علاقے کو محاصرے میں لے کر فرار ہونے کے ممکنہ راستوں کو پوری طرح سے سیل کیا ہے۔دریں اثنا فوج کی وائٹ نائٹ کور نے ایکس پر جانکاری فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ اتوار کو دوپہر ایک بجے کے قریب ضلع کشتواڑ کے کیشون علاقے میں انٹیلی جنس اطلاع کی بنیاد پر فوج نے کارروائی شروع کی جس دوران دہشت گردوں کے ساتھ مسلح تصادم چھڑ گیا۔
فوج کے مطابق، آپریشن کے دوران دہشت گردوں نے اہلکاروں پر فائرنگ کی جس کے جواب میں سیکورٹی فورسز نے بھی جوابی کارروائی کی۔ فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے اور علاقے کو محاصرے میں لے لیا گیا ہے تاکہ دہشت گردوں کو فرار ہونے کا کوئی موقع نہ مل سکے۔آخری اطلاعات موصول ہونے تک علاقے میں آپریشن جاری تھا۔ اس سلسلے میں مزید تفصیلات کا انتظارہے۔
کشتواڑ کے کیشوان علاقے میں انکاؤنٹر شروع: فوج
