عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/جموں وکشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے کہا ہے کہ فروٹ گروورس کو قومی شاہراہ کی بندش کے سبب جو نقصان ہوا ہے، اس کا تخمینہ لگا کر انہیں بھرپور معاوضہ فراہم کیا جائے گا انہوں نے اس بات کا یقین دلایا کہ باغبانوں کی محنت ضائع نہیں ہونے دی جائے گی اور حکومت ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے سری نگر میں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ قومی شاہراہ اس وقت معمول کے مطابق گاڑیوں کی آمد و رفت کے لئے کھلی ہے۔ انہوں نے وضاحت دی کہ اگرچہ تقریباً 300 میٹر کا حصہ ڈھہ جانے کی وجہ سے شاہراہ پر ٹریفک کی آمدوفت متاثر ہوئی، تاہم اگلے چند روز میں اس پر بلیک ٹاپنگ مکمل کی جائے گی۔ ان کے مطابق فی الوقت شاہراہ پر کسی بھی گاڑی کو روکے جانے کی اطلاع نہیں ہے۔
ایل جی منوج سنہا کے حالیہ بیان کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں عمر عبداللہ نے کہا کہ امن قائم کرنا ان کی حکومت کی براہِ راست ذمہ داری نہیں ہے، لیکن ہر معاملے میں ان کی حکومت کو ہی موردِ الزام ٹھہرایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگرجموں وکشمیر میں مکمل امن و امان قائم نہیں ہے تو اسے بحال ہونا چاہیے کیونکہ ترقی، سیاحت اور کھیلوں کے فروغ کے لئے امن بنیادی شرط ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہر چیز کے لئے امن ضروری ہے اور جن کی ذمہ داری ہے انہیں یہ فرض بخوبی نبھانا چاہئے۔
امن قائم کرنا میری حکومت کی ذمہ داری نہیں: عمر عبداللہ
