محمد تسکین
بانہال// جموں سرینگر قومی شاہراہ پر ہفتے کے روز یکطرفہ ٹریفک میں پہلے مسافر اور بعد میں مال بردار گاڑیوں کو جموں سے وادی کشمیر کی طرف آنے کی اجازت تھی جبکہ اس دوران وادی کشمیر سے کسی بھی قسم کو جموں کیطرف آنے کی اجازت نہیں تھی۔ ٹریفک پولیس حکام نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ جموں سرینگر قومی شاہراہ تھرڑ ادھم پور کے مقام پر شاہراہ مکمل طور پر بحال نہیں ہوئی ہے اور بارشوں کے باعث یہاں 250سے 300میٹر کی عارضی بنائی گئی سڑک پر یکطرفہ ٹریفک کو ایک ایک کرکے نکالا جارہا ہے جس کی وجہ سے گاڑیوں کی نقل و حمل سست روی کا شکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ جموں سے سرینگر اور وادی چناب کی طرف جانے والی مسافر گاڑیوں صبح دس بجے سے دن کے دس بجے تک نگروٹہ کو پار کرنے کی اجازت تھی جبکہ اس دوران وادی کشمیر ، ڈوڈہ، کشتواڑ اور رام بن سے کسی بھی مسافر گاڑی کو جموں کی طرف جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ٹریفک پولیس نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ سفر پر روانہ ہونے سے پہلے متعلقہ ٹریفک کنٹرول یونٹس سے سڑک کی صورتحال کے بارے میں معلومات حاصل کریں اور شاہراہ پر سفر کے دوران نظم و ضبط سے کام لیں اور اوورٹیکنگ سے اجتناب کریں۔
ایک ہفتے کے اندر مکمل بحالی کا امکان:ڈلو
بارہمولہ //جموں و کشمیر کے چیف سکریٹری اتل ڈلو نے ہفتہ کے روز اس امید کا اظہار کیا کہ جموں سری نگر قومی شاہراہ ایک ہفتے کے اندر مکمل طور پر فعال ہوجائے گی۔ انہوں نے نیشنل ہائی ویز اتھارٹی آف انڈیا (این ایچ اے آئی)، ڈویژنل انتظامیہ اور ٹریفک پولیس کی بار بار لینڈ سلائیڈنگ اور بھاری بارش سے پیدا ہونے والے بحران سے نمٹنے کی کوششوں کی ستائش کی۔ڈلو نے بارہمولہ میں نامہ نگاروں کو بتایا’’جب بھی قومی شاہراہ کو بحال کیا گیا، تازہ لینڈ سلائیڈنگ نے پھر رکاوٹیں پیدا کیں۔ فی الحال اس اہم راستے پر یک طرفہ ٹریفک کی اجازت دی جا رہی ہے۔ NHAI ہائی وے کو مکمل طور پر بحال کرنے کے لیے سخت محنت کر رہا ہے، اور مجھے امید ہے کہ ایک ہفتے کے اندر، یہ مکمل طور پر فعال ہو جائے گا‘‘۔مختلف محکموں کی مربوط کوششوں کا اعتراف کرتے ہوئے، چیف سیکریٹری نے مزید کہا’’انتظامیہ، ٹریفک پولیس، اور ڈویژنل حکام نے گاڑیوں کی نقل و حرکت کو منظم کرنے اور افراتفری کو کم کرنے کے لیے انتھک محنت کی۔وادی سے پھنسے ہوئے پھلوں سے لدے ٹرکوں کو تاجروں کو ہونے والے نقصان کو روکنے کے لیے صاف کیا گیا، جبکہ ایل پی جی اور ایندھن کی قلت کو خصوصی انتظامات کے ذریعے پورا کیا گیا‘‘۔حالیہ موسمی چیلنجوں پر غور کرتے ہوئے، چیف سکریٹری نے نوٹ کیا کہ 14 اگست کو موسلادھار بارشوں نے لینڈ سلائیڈنگ کو جنم دیا، جب کہ 26-27اگست کی بارشیں علاقائی اوسط سے کئی گنا زیادہ تھیں۔ انہوں نے کہا کہ ان حالات کی وجہ سے جموں سری نگر قومی شاہراہ پر بار بار رکاوٹیں آتی ہیں، ٹریفک اور سپلائی چین میں خلل پڑتا ہے۔