عظمیٰ نیوز سروس
بڈگام//ضلع بڈگام میں کھانے پینے کی غیر محفوظ اشیاء کی نقل و حمل اور فروخت کو روکنے کے لیے، ضلع انتظامیہ نے پولیس سمیت تمام متعلقہ محکموں کے اہلکاروں پر مشتمل خصوصی فلائنگ اسکواڈ تشکیل دیئے ہیں۔ بڈگام پولیس نے اس طرح کی اشیا ء کی نقل و حرکت پر کڑی نظر رکھنے کے لیے ضلع کے اہم داخلی مقامات پر ناکے بھی قائم کیے ہیں۔محکمہ فوڈ سیفٹی کے اہلکاروں کے تعاون سے انچارج پولیس پوسٹ ہمہامہ کی سربراہی میں ہمہامہ چوک میں مشترکہ معائنہ کے دوران مچھلی فروش مہدی حسن لشکر ولد عطا اللہ لشکر رضویہ مغربی بنگال کے قبضے سے دو پارسلوں میں پیک 100 کلو بوسیدہ مچھلی قبضے میں لے لی گئی۔ ملزم یہ کھیپ سرینگر کے بین الاقوامی ہوائی اڈے سے اپنی دکان کی طرف لے جا رہا تھا۔ اسے موقع پر گرفتار کر لیا گیا، اور قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت ایف آئی آر نمبر 263/2025 پولیس سٹیشن بڈگام میں درج کی گئی ہے۔ان کے خلاف بھارتیہ نیا سنہتا 2023 کی دفعہ 271، 272 اور 275 کے تحت قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔بڈگام پولیس صحت عامہ کے تحفظ اور خوراک کی حفاظت کو یقینی بنانے کے اپنے عزم کا اعادہ کرتی ہے۔ غیر معیاری یا غیر صحت بخش اشیا خوردونوش کی فروخت میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی جاری رہے گی۔ عوام الناس سے گزارش ہے کہ وہ چوکس رہیں اور اس طرح کی بددیانتی کی فوری طور پر قریبی پولیس اسٹیشن کو اطلاع دیں۔