عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے ہفتہ کے روز کہا کہ وزیر اعظم کے جموں و کشمیر کے آنے والے دورے کے نتیجے میں حالیہ نقصانات سے متاثرہ لوگوں کے لئے ایک ریلیف پیکیج ہونا چاہئے۔سرینگر میں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے، سی ایم عمر نے کہا، “بہت زیادہ نقصان ہوا ہے، جانوں کا نقصان ہوا ہے، خاص طور پر کشتواڑ اور کٹرہ میں دو یاترا کے دوران، املاک کا بھی نقصان ہوا ہے، تقریباً 330 پل بہہ گئے ہیں،” ۔عمر نے کہا کہ 1500 کلومیٹر سے زیادہ سڑکیں تباہ ہو چکی ہیں، کئی سرکاری عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے، اور فصلیں تباہ ہو گئی ہیں،ہمارے خشک میوہ جات تباہ ہو چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت پہلے ہی نقصانات کا اندازہ لگا چکی ہے اور یہ معاملہ وزیر اعظم کے ساتھ ان کے دورے کے دوران اٹھایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ “اس کو دیکھ کر، ہم امید کرتے ہیں کہ ہمارے نقصان کا تجزیہ کیا جائے گا اور ایک مناسب پیکیج کا اعلان کیا جائے گا تاکہ ہم ہونے والے نقصانات کی تلافی کر سکیں،” ۔عمر نے مزید کہا کہ وہ ان تمام نکات کو ذاتی طور پر وزیر اعظم کے سامنے رکھیں گے اور امید ظاہر کی کہ “وہ جموں و کشمیر کے لوگوں کے لیے ایک اچھا پیکج دیں گے۔”