مشتاق الاسلام
سرینگر//بھارتیہ جنتا پارٹی کے سینئر لیڈر رویندر رینہ نے پارٹی کے سینئر لیڈر لطیف بٹ کے ہمراہ ضلع پلوامہ کے پرچھو اور پچہارہ کی فروٹ منڈیوں کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے مقامی باغبانوں اور سیب کے تاجروں سے ملاقات کی، ان کے مسائل سنے اور فوری اقدامات کی یقین دہانی کرائی۔ دورے کے دوران کسانوں اور تاجروں نے رویندر رینہ کو اپنے مسائل سے آگاہ کیا جن میں مال برداری (ٹرانسپورٹ)کی دشواریاں، منڈی میں نرخوں کا اتار چڑھا، کولڈ اسٹوریج کی عدم دستیابی اور مارکیٹ تک رسائی جیسے سنگین مسائل شامل تھے۔انہوں نے کہا ’’پلوامہ کی فروٹ منڈی میں تقریبا پانچ لاکھ سیب کی پیٹیاں گزشتہ 20دنوں سے پڑی ہیں۔ یہ ایک افسوسناک منظر ہے۔ کل میں نے سوپور منڈی کا بھی دورہ کیا تھا، وہاں بھی یہی صورتحال ہے‘‘۔ رینہ نے کہا کہ سیب کے کاروبار سے وابستہ لوگ اس وقت شدید مالی بحران کا سامنا کر رہے ہیں، ان کی فصلیں متاثر ہو چکی ہیں اور وہ قرض میں ڈوبے ہوئے ہیں۔انہوں نے جموں و کشمیر کی حکومت سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ کسانوں کے اس سال کے کے سی سی قرضے (KCC Loan) کو معاف کرے تاکہ انہیں کچھ راحت مل سکے۔یہ وقت سیاست کا نہیں، خدمت کا ہے۔