عظمیٰ نیوز سروس
ریاسی//ضلع ریاسی میں سیوا پَرو 2025 کا چوتھا دن جوش و خروش، عوامی شمولیت اور خدمت کے جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ اس موقع پر مختلف محکموں، تعلیمی اداروں، سماجی تنظیموں اور مقامی عوام نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ یہ سرگرمیاں ڈپٹی کمشنر ریاسی ندھی ملک کی نگرانی میں منعقد ہوئیں جن کا مقصد صفائی، ماحولیاتی تحفظ، صحت اور سماجی بہبود کے پیغامات کو فروغ دینا تھا۔جانوروں اور عوامی صحت کو مدنظر رکھتے ہوئے پونی ڈسپنسری، بانگانگا میں پشو پالن محکمہ اور کراس سوورڈز گنرز کے اشتراک سے ایک ویٹرنری اور میڈیکل کیمپ منعقد کیا گیا، جس میں لوگوں اور مویشیوں کو طبی سہولیات فراہم کی گئیں۔محکمہ دیہی ترقی نے ضلع کی تمام 153 پنچایتوں میں شجرکاری مہم چلائی جس میں 57 امرت سروورز پر خصوصی توجہ دی گئی تاکہ سبزہ اور ماحولیاتی توازن کو فروغ دیا جا سکے۔محکمہ تعلیم نے 803 اسکولوں میں 48,983 طلباء اور 1,976 اساتذہ کو شجرکاری مہم میں شامل کیا، تاکہ نئی نسل میں ماحولیات کے تحفظ، سماجی خدمت اور ذمہ داری کا شعور پیدا ہو۔اسی طرح پوشن پروجیکٹ آفس ریاسی نے بھاگا پوشن پروجیکٹ میں پی ایم ایم وی وائی، صحت مند غذا اور سواستھ ناری، سشکت پریوار کے عنوان پر آگاہی پروگراموں کے ساتھ شجرکاری مہم بھی منعقد کی۔محکمہ سماجی بہبود نے چائلڈ کیئر انسٹیٹیوٹ، پریشا ہوم ریاسی میں بچوں کے لئے تصویری اور پوسٹر مقابلے ’میرا حق، میرا مستقبل‘ کے عنوان سے منعقد کئے، ساتھ ہی انڈور کھیلوں اور اخلاقی اقدار پر ایک لیکچر بھی دیا گیا۔ اسی طرز کی سرگرمیاں سی سی آئی پالاش، مہور میں بھی منعقد ہوئیں۔