محتشم احتشام
پونچھ//ضلع پونچھ میں محکمہ یوتھ سروسز اینڈ اسپورٹس (ڈی وائی ایس ایس) نے ضلع سطح پر لڑکیوں کے لئے اتھلیٹکس اور کوراش کے ٹرائلز کامیابی کے ساتھ منعقد کئے۔ یہ مقابلے سپورٹس اسٹیڈیم پونچھ میں منعقد ہوئے اور تمام عمر کے گروپوں کی لڑکیوں نے بھرپور حصہ لیا۔14، 17 اور 19 سالہ اتھلیٹکس ٹرائلز کے دوران شرکاء نے دوڑ، کود اور دیگر کھیلوں میں اپنی مہارت کا مظاہرہ کیا۔ اس کے ساتھ ساتھ 17 اور19 کوراش کے ٹرائلز میں بھی لڑکیوں نے بھرپور جوش و خروش کے ساتھ حصہ لیا۔متعلقہ محکمہ کے ملازمین نے ٹرائل کے انعقاد کو شفاف اور منظم بنانے کے لئے بھرپور انتظامات کئے، جس سے نہ صرف کھیلوں کا معیار بلند ہوا بلکہ نوجوان لڑکیوں میں کھیلوں کے لئے دلچسپی اور حوصلہ بھی بڑھا۔ٹرائلز کے اختتام پر محکمہ نے تمام حصہ لینے والی لڑکیوں کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ اس طرح کے پروگرام نوجوانوں میں جسمانی صحت اور کھیلوں کے فروغ کے لئے اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ والدین اور کوچز نے بھی اس اقدام کو سراہا اور مستقبل میں مزید کھیلوں کے پروگرامز کے انعقاد کا مطالبہ کیا۔