عظمیٰ ویب ڈیسک
ادھم پور/جموں و کشمیر کے ضلع ادھم پور کے کانجی علاقے میں جمعے کی شام سے جاری مسلح تصادم کے دوران ایک فوجی جوان شہید جبکہ دو دیگر زخمی ہوئے ہیں۔فوج نے وسیع جنگلاتی علاقے کو گھیرے میں لے کر تلاشی کارروائی مزید تیز کر دی ہے۔ حکام نے بتایا کہ دہشت گردوں کی موجودگی کی مصدقہ اطلاع ملنے کے بعد فوج، سی آر پی ایف اور پولیس کی مشترکہ ٹیموں نے بڑے پیمانے پر آپریشن شروع کیا ہے۔
دفاعی ذرائع نے خبر رساں ایجنسی کو بتایا کہ جمعے کی شام سیکورٹی فورسز نے کانجی علاقے کو محاصرے میں لے کر جوں ہی تلاشی مہم شروع کی تو وہاں چھپے دہشت گردوں نے اچانک اندھا دھند فائرنگ کی۔ فورسز نے جوابی کارروائی کی جس کے نتیجے میں کافی دیر تک دوبدو گولیوں کا تبادلہ جاری رہا۔ ابتدائی فائرنگ کے دوران تین فوجی اہلکار زخمی ہوئے اگر چہ انہیں علاج ومعالجہ کی خاطر فوری طورپر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم دافدار بلدیو چند نامی فوجی جوان زخموں کی تاب نہ لا کر شہید ہو گیا۔
ذرائع نے بتایا کہ اندھیرا چھا جانے کے باعث جمعے کی رات آپریشن کو وقتی طور پر روک دیا گیا، لیکن ہفتے کی صبح سویرے دوبارہ بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن شروع کیا گیا۔ سکیورٹی فورسز نے مزید کئی دیہات اور جنگلاتی حصوں کو گھیرے میں لے کر فرار کے تمام راستے سیل کر دیے ہیں تاکہ دہشت گردوں کو نکلنے کا موقع نہ مل سکے۔
ادھر فوج کی وائٹ نائٹ کور نے شہید فوجی اہلکار کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ بیان میں کہا گیا:’وائٹ نائٹ کور اور تمام اہلکار کانجی، ادھم پور میں جاری آپریشن کے دوران اپنی جان نثار کرنے والے دافدار بلدیو چند کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ ہم اس مشکل گھڑی میں سوگوار خاندان کے ساتھ کھڑے ہیں۔‘
واضح رہے کہ ادھم پور، جسے جموں خطے کا ایک حساس ضلع سمجھا جاتا ہے، میں حالیہ مہینوں کے دوران دہشت گردوں کی نقل و حرکت میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق آپریشن اس وقت تک جاری رہے گا جب تک علاقے کو مکمل طور پر کلیئر نہ کر دیا جائے۔ مقامی لوگوں کو بھی تاکید کی گئی ہے کہ وہ اپنے گھروں سے غیر ضروری طور پر باہر نہ نکلیں اور فورسز کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔
ایک سینئر سکیورٹی افسر نے کہا کہ دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچانے کے لئے کسی بھی قسم کی قربانی دینے سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ جوان بلدیو چند کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی اور علاقے کو دہشت گردوں سے پاک کرنے کے لئے آپریشن جاری ہے۔
ادھم پور انکاؤنٹر میں فوجی جوان ازجان دو دیگر زخمی، علاقے میں تلاشی آپریشن جاری
