عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/وزیر اعظم نریندر مودی اگلے ہفتے ایک روزہ دورے پر جموں و کشمیر آئیں گے تاکہ حالیہ سیلابوں سے ہونے والے نقصانات کا جائزہ لیںگے ۔جموں و کشمیر بی جے پی کے جنرل سکریٹری (آرگنائزیشن) اشوک کول نے اس دورے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم مودی نورتراس کے دوران یونین ٹریٹری کا دورہ کریں گے، اور تاریخیں ابھی حتمی کی جا رہی ہیں۔انھوں نے کہا دورے کے دوران وزیر اعظم مودی دونوںصوبوں جموں اور کشمیر کے سیلاب زدہ علاقوں کا معائنہ کریں گے۔
ذرائع کے مطابقوزیر اعظم اپنے دورے کے دوران متاثرہ عوام کے لیے ایک بڑے ریلیف پیکیج کا اعلان بھی کریں گے ۔وزیر اعظم کا یہ دورہ ایک روزہ ہوگا، جس میں وہ شدید بارشوں کی وجہ سے آنے والے کلاؤڈ برسٹ، لینڈ سلائیڈز اور سیلاب سے ہونے والے نقصانات کا جائزہ لیں گے۔ وہ متاثرہ افراد سے ملاقات بھی کر سکتے ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ وزیر اعظم کے ہمراہ ایک اعلیٰ سطحی مرکزی ٹیم بھی ہوگی جو خاص طور پر جموں کے سب سے زیادہ متاثرہ علاقوں میں نقصان کا جامع جائزہ لے گی۔ اس دورے کے دوران سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا فضائی جائزہ بھی لیا جائے گا۔دورے اور جائزے کی بنیاد پر مرکزی حکومت کی جانب سے یونین ٹریٹری کے لیے ایک بڑا ریلیف پیکیج متوقع ہے۔
قابل ذکر ہے کہ اس سے قبل مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے بھی جموں کا دورہ کر کے سیلاب کی صورتحال کا جائزہ لیا تھا۔ مرکزی ٹیم نے بھی جموں و کشمیر میں مسلسل بارشوں سے ہونے والے نقصانات کا ابتدائی جائزہ مکمل کر لیا ہے۔جموں و کشمیر حالیہ غیر معمولی سیلاب سے بری طرح متاثر ہوا، جس میں جموں صوبہ کو سب سے زیادہ نقصان اٹھانا پڑا۔
وزیر اعظم مودی اگلے ہفتے کشمیر کا دورہ کریں گے، حالیہ سیلابوں سے ہونے والے نقصانات کا جائزہ لیں گے
