عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/جموں و کشمیر کے ضلع ادھم پور کے جنگلی علاقے میں جاری انکاؤنٹر کے بیچ سری نگر۔جموں قومی شاہراہ پر سکیورٹی کو مزید سخت کردیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق ادھم پور کے جنگلی علاقے میں انکاونٹر کے پیش نظر سری نگر جموں قومی شاہراہ پر سکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کئے گئے ہیں۔ معلوم ہوا ہے کہ ہفتے کی صبح شاہراہ اور اس کے ارد گرد علاقوں میں اضافی نفری کو تعینات کیا گیا جبکہ مشکوک نظر آنے والے راہگیروں کو روک کر ان کی باریک بینی سے تلاشی لی جارہی ہیں۔
اطلاعات کے مطابق ادھم پور کے جنگلات میں شروع ہونے والا آپریشن تاحال جاری ہے جس میں سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر دہشت گردوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائی شروع کی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ قریبی دیہات میں بھی تلاشی آپریشن چلایا جا رہا ہے تاکہ دہشت گردوں کو فرار ہونے کا کوئی موقع نہ مل سکے۔ادھم پور آپریشن کے حوالے سے سرکاری سطح پر تاحال کوئی تفصیلی بیان سامنے نہیں آیا ہے، تاہم سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی اس وقت تک جاری رہے گی جب تک علاقے کو مکمل طور پر کلیئر نہ کر دیا جائے۔
سری نگر جموں شاہراہ پر سکیورٹی مزید سخت، چپے چپے پر سلامتی عملے کی تعیناتی
