عظمیٰ ویب ڈیسک
ادھمپور/حکام کے مطابق ڈوڈہ ضلع اور ضلع ادھم پور کی سرحد پر ڈو ڈوبسنت گڑھ علاقے میں سکیورٹی فورسز اور عسکریت پسندوں کے درمیان جاری جھڑپ میں ایک فوجی اہلکار جاں بحق ہو گیا ۔ تفصیلات کے مطابق یہ جھڑپ جمعہ کی دیر رات اُس وقت شروع ہوئی جب سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع کی بنیاد پر علاقے میں محاصرہ اور تلاشی آپریشن شروع کیا۔اطلاعات کے مطابق فوج، پولیس اور نیم فوجی دستوں کی مشترکہ ٹیم نے جب گھنے جنگلاتی علاقے میں پیش قدمی کی تو وہاں چھپے عسکریت پسندوں نے فائرنگ شروع کردی، جس کے بعد دونوں جانب سے شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
حکام نے بتایا کہ جھڑپ کے ابتدائی مرحلے میں ایک فوجی شدید زخمی ہوا جو بعد میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ شہید فوجی کی شناخت دفعدار بہاروادمہول بھائی میپابھائی کے بطور ہوئی ہے ۔
ابتدائی اطلاعات میں کہا گیا ہے کہ دو سے تین عسکریت پسند علاقے میں محصور ہیں اور جھڑپ ابھی جاری ہے۔ مزید کمک روانہ کردی گئی ہے اور سکیورٹی فورسز نے فرار کے تمام ممکنہ راستے سیل کر دیے ہیں۔
حالیہ ہفتوں میں ڈوڈہ اور ملحقہ علاقوں میں سکیورٹی فورسز نے کارروائیاں تیز کردی ہیں کیونکہ بالائی علاقوں میں عسکریت پسند سرگرمیوں میں اضافے کی نشاندہی کی گئی ہے۔ حکام کے مطابق جاری جھڑپ مزید وقت تک جاری رہ سکتی ہے۔
ڈوڈہ- ادھم پور سرحد پر سیکورٹی فورسز اور ملی ٹینٹوں کے مابین جھڑ پ ، ایک فوجی اہلکار جاں بحق
