عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//عمر آباد ایچ ایم ٹی علاقے سے تعلق رکھنے والے میاں بیوی کو ایک تیز رفتار گاڑی نے سڑک عبور کرنے کے دوران کچل ڈالا، جس کے نتیجے میں جمعرات کی شام کوہی خاتون کی موت واقعہ ہوگئی جبکہ اس کا شوہر جمعہ کی صبح زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔ یہ المناک حادثہ عمر آباد ایچ ایم ٹی میں پیش آیا ۔زخمیوں کو فوری طور پر جے وی سی اسپتال بمنہ منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے خاتون کو مردہ قرار دے دیا، جس کی شناخت 50 سالہ فہمیدہ زوجہ بشیر احمد ساکنہ عمر آباد ایچ ایم ٹی کے بطور ہوئی۔ وہ سر میں شدید چوٹ لگنے سے فوت ہوگئی ۔ متوفی خاتون کے شوہر55 سالہ بشیر احمد کو تشویشناک حالت میں جے وی سی ہسپتال سے SKIMSصورہ ریفر کیا گیا تھا، جہاں وہ جمعہ کی صبح علاج کے دوران زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔اہل خانہ کے مطابق جوڑا سڑک عبور کر رہا تھا کہ انہیں گاڑی نے ٹکر مار دی،اورڈرائیور گاڑی لیکر جائے موقع سے فرار ہو گیا۔ تاہم، پولیس کا کہنا ہے کہ فوری کارروائی کے نتیجے میں ڈرائیور کی گرفتاری اور حادثے میں ملوث گاڑی کو قبضے میں لے لیا گیا۔ حادثے کی اصل وجوہات کا پتہ لگانے کے لیے مزید تحقیقات جاری ہیں۔