عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں/فوج کی وائٹ نائٹ کور کے جنرل آفیسر کمانڈنگ (جی او سی) نے جمعے کو بھمبھرگلی سیکٹر میں اگلی چوکیوں کا دورہ کیا اور لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر تعینات دستوں کی آپریشنل تیاریوں اور سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا۔
فوجی حکام کے مطابق، جی او سی نے اگلی چوکیوں پر تعینات اہلکاروں کے ساتھ وقت گزارا اور ان کے آپریشنل انتظامات، نگرانی کے نظام اور دشمن کی نقل و حرکت پر نظر رکھنے کے اقدامات کا قریب سے معائنہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں مستحکم نگرانی اور مضبوط غلبے کی حکمت عملی دشمن کو کسی بھی قسم کی شرانگیزی سے روکنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔
انہوں نے فوجی اہلکاروں کے عزم و حوصلے کو سراہتے ہوئے زور دیا کہ وہ ہمہ وقت چوکس رہیں اور موثر نگرانی کے ذریعے ملک کی سرحدوں کی حفاظت کو یقینی بنائیں۔ جی او سی نے مزید کہا کہ لائن آف کنٹرول پر ہر ممکن قدم اٹھایا جائے گا تاکہ دشمن کی کسی بھی کوشش کو ناکام بنایا جا سکے۔
فوجی ذرائع کا کہنا ہے کہ اس دورے نے نہ صرف جوانوں کے حوصلے بلند کیے بلکہ اس بات کی بھی تصدیق کی کہ سرحد پر موجود فورسز مکمل طور پر تیار اور ہر چیلنج سے نمٹنے کے لیے پرعزم ہیں۔
جی او سی وائٹ نائٹ کور کا بھمبھرگلی سیکٹر کا دورہ، ایل او سی پر سیکورٹی منظر نامے کا لیا جائزہ
