محمد تسکین
بانہال//ریلوے حکام نے فیصلہ کیا ہے کہ اگلے 15روز تک کٹرا اور بڈگام کے درمیان خصوصی مسافر ٹرین چلائی جائے گی۔ ادھرہزاروں درماندہ مسافروں کی سہولت کیلئے شمالی ریلوے نے بدھ کے روز صبح گیارہ سے بانہال سے کٹرا اور کٹرا سے واپسی تک ایک خصوصی ریل گاڑی چلائی، جس سے سینکڑوں مسافر مستفید ہوئے۔ اس دوران سیب کو بڈگام سے آدرش نگر دہلی پہنچانے کیلئے مال گاڑیوں کو چلانے کا سلسلہ جاری ہے اور جمعرات کی شام ایک اورمال گاڑی دہلی سے بڈگام پہنچی ۔شمالی ریلوے حکام نے بتایا کہ جموں سرینگر قومی شاہراہ کی خستہ حالت پر انہیں تشویش ہے اور شاہراہ کی بندش لوگوں کیلئے مشکل صورتحال پیدا کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کو سہولیت فراہم کرنے کی غرض سے اگلے 15روز تک کٹرا اور بڈگام کے درمیان خصوصی ریل نمبر 74688 چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور یہ ریل سروس آج یعنی 19ستمبر سے 3اکتوبر تک چلائی جائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ جمعرات کو بھی کٹرا سے بانہال اور بانہال سے واپس کٹرا تک ٹرین چلائی گئی جس سے مسافروں کو سفری سہولیات میسر ہوئیں۔لوگوں کا مطالبہ تھا کہ سرینگر اور کٹراکے درمیان مسافر ریل گاڑیوں کو روزانہ کی بنیادوں پر چلایا جائے تاکہ شاہراہ پر بندش سے پریشان عام لوگوں کو راحت مل سکے اور لوگوں کو اپنی منزلوں تک پہنچنے میں آسانی پیدا ہوسکے ۔ ادھر معلوم ہوا ہے کہ دلی سے بڈگام کیلئے ایک اور مال گاڑی روانہ ہوئی جو شام کو بڈگام پہنچ گئی۔ یہ مال گاڑی سیبوں کو دلی کی منڈی تک لیجانے میں سہولیت فراہم کررہی ہے۔لوگوں کا مطالبہ ہے کہ کشمیر اور دہلی کے درمیان مال گاڑیوں کی تعداد مزید بڑھائی جائے تاکہ روزانہ کی بنیادوں پر کشمیر میں کروڑوں روپے کی مالیت کے خراب ہو رہے سیبوں کو وقت پر ملک کی دوسری منڈیوں تک پہنچایا جائے۔