عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے جمعرات کو کہا کہ حکومت کی سیاحت کو فروغ دینے کی مہمیں بے معنی ہو جائیں گی اگرمشہور مقامات سیاحوں کے لیے بند رہیں گے۔وزیر اعلی نے جمعرات کو سیاحت کو فروغ دینے کے لیے گلمرگ کے سیاحتی مقام پر کنونشن سینٹر کا افتتاح کیا۔وزیر اعلیٰ نے کہا ’’ جدید ترین سہولت سے لیس اس مرکز سے توقع ہے کہ سیاحت اور اسکی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا، اور مقامی نوجوانوں اور کاروباروں کے لیے نئے مواقع پیدا ہوں گے” ۔اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ کنونشن سنٹر گلمرگ کی پوزیشن کو عالمی سیاحتی مقام کے طور پر مزید مضبوط کرے گا۔گلمرگ میں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے عمر نے کہا کہ حال ہی میں پہلگام میں پیش آنے والا واقعہ نہیں ہونا چاہیے تھا، لیکن اس کے بعد کئی اصلاحی اقدامات کیے گئے ہیں “۔انہوں نے کہا’’پہلگام میں جو ہوا ،وہ نہیں ہونا چاہیے تھا، تب سے لے کر اب تک بہت سے اقدامات اٹھائے گئے ہیں‘‘۔ ان کا کہنا تھا جب تک بند مقامات کو نہیں کھولا جاتا، ہماری سیاحت کو فروغ دینا ایک فضول مشق ہے۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اگر وہ نہیں کھلے تو پھر سیاحت کے فروغ پر وسائل خرچ کرنے کا کیا فائدہ؟” وزیر اعلی نے اس بات پر زور دیا کہ جموں و کشمیر کی معیشت کا زیادہ تر انحصار سیاحت پر ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ مقامات کو بند کرنے سے وادی کے بارے میں منفی تاثر پیدا ہوتا ہے۔عمر نے پابندیوں پر بھی مایوسی کا اظہار کیا جس کی وجہ سے سیاسی رہنمائوں کو بعض معاملات میں تعزیت کرنے سے روکا گیا۔کشمیر میں سیاحت کے سٹیک ہولڈرز نے بار بار مختلف ریزارٹس تک محدود رسائی پر تشویش کا اظہار کیا ہے، اورانتباہ دیا کہ یہ ملکی اور بین الاقوامی سیاحوں کی آمد میں رکاوٹ بنے گی۔
پیرس سیاحتی میلہ
وزیر اعلیٰ شرکت نہیں کرینگے
عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ اور ان کے مشیر ناصر اسلم وانی کا اس ماہ کے آخر میں پیرس میں منعقد ہونے والے سیاحتی میلے میں شرکت نہیں کرینگے ہے۔ البتہ جموں و کشمیر کے چند افسران پیرس میلے میں مرکز کے زیر انتظام علاقے کی نمائندگی کریں گے۔ اس شعبے کو فروغ دینے کیلئے انٹرنیشنل فرانسیسی ٹریول مارکیٹ (IFTM) ٹاپ ریسا ٹورازم میلہ 23 سے 25 ستمبر تک منعقد ہونے والا ہے۔وزیر اعلیٰ کے مشیر ناصر اسلم وانی نے کہا کہ وہ اور وزیر اعلیٰ اب پیرس میلے میں شرکت نہیں کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ اُن کی جگہ اب یوٹی حکومت کے افسران میلے میں شرکت کررہے ہیں۔