منصوبوں کی بروقت تکمیل اورہسپتالوں کی کلیدی سڑکوں کو اپ گریڈ کرنے کی ہدایت
سرینگر//وزیر برائے صحت، طبی تعلیم، سماجی بہبود اور تعلیم سکینہ اِیتو نے کل ضلع سری نگر کی جائزہ میٹنگ کی صدارت کی اور ضلع بھر میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور فلاحی اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ وزیر موصوفہ نے ہر محکمہ کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا اور مشن یووا، ایچ اے ڈی پی، پی ایم سوریہ گھر، قومی ٹی بی خاتمہ پروگرام سمیت دیگر فلیگ شپ سکیموں کی عمل آوری کی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا۔ اُنہوں نے ضلعی کیپکس، ایم پی فنڈز، سی ڈی ایف، ایس اے ایس سی آئی، امرت 2.0 اور دیگر سکیموں کے تحت جاری منصوبوں کی طبعی اور مالی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا۔اُنہوں نے ضلع میں صحت کے بنیادی ڈھانچے، دیہی ترقی، سڑک رابطے، تعلیم اور پینے کے پانی کی سہولیات کا جائزہ لیتے ہوئے اَفسران کو منصوبوں کی بروقت تکمیل یقینی بنانے کی ہدایت دی اور عوامی شکایات کے حل کے لئے نتیجہ خیز حکمت عملی اَپنانے پر زور دیا۔
اُنہوں نے ضلعی اِنتظامیہ کو ہدایت دی کہ ایس کے آئی ایم ایس، ایس ایم ایچ ایس، بون اینڈ جوائنٹ، لل دید ہسپتالوں جیسے اہم ہسپتالوں کی طرف جانے والی سڑکوں کی اَپ گریڈیشن کا منصوبہ تیار کریں،اِس کے علاوہ ٹریفک پولیس کی مشاورت سے سڑکوں پر ٹریفک جام سے بچاؤ کے لئے جامع منصوبہ مرتب کیا جائے۔وزیر موصوفہ نے ضلعی اِنتظامیہ کو ہدایت دی کہ وہ مختلف سرکاری سکیموں کے حوالے سے مقامی اَرکان قانون سازوں کے اشتراک سے بیداری کیمپوں کا اِنعقاد کریں تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ کو اِن سکیموں کے بارے میں بیداری فراہم کی جاسکے۔ اُنہوں نے سری نگر شہر میں شہری خدمات، صفائی، نکاسی آب کے انتظام اور دیرپا شہری منصوبہ بندی کو بہتر بنانے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے افسران کو ہدایت دی کہ عوام دوست طرزِ حکمرانی اپنایا جائے اور شہریوں سے قریبی رابطہ رکھ کر ترقیاتی خلأ کی نشاندہی کی جائے۔سکینہ اِیتو نے کہا، ’’سری نگر جموں و کشمیر کا دِل ہے اور اس کی ترقی جموں و کشمیر کی مجموعی ترقی کی عکاسی کرتی ہے۔‘‘ اُنہوں نے تمام افسران پر زور دیا کہ وہ لگن سے کام کریں تاکہ سری نگر شہر ملک کا سب سے صاف ستھرا اور روشن شہر بن سکے۔اُنہوں نے مزید کہا کہ سری نگر شہر کی ترقی پورے جموں و کشمیر کی شبیہہ کو ملک بھر میں بہتر بناتی ہے۔وزیر نے کمشنر ایس ایم سی کو ہدایت دی کہ وہ جاری منصوبے بروقت مکمل کریں اور اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ جاری منصوبوں کی تکمیل کے بعد ہی نئے پروجیکٹ شروع کئے جائیں۔دوران میٹنگ چیف پلاننگ آفیسر سری نگر نے ضلع کے مختلف ترقیاتی پہلوؤں پر ایک تفصیلی پرزنٹیشن دی۔